پاکستان، سوڈان میں سرکاری و سفارتی پاسپورٹس پر ویزا فری داخلے کا معاہدہ
معاہدہ پر محسن نقوی اور سوڈانی وزیر داخلہ نے دستخط کیے ، سرکاری،سفارتی پاسپورٹ والے افراد کو ویز ا کی ضرورت نہیں ہوگی سکیورٹی، داخلی امور، پولیس ٹریننگ، ادارہ جاتی تعاون، نادرا اور سائبر کرائم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر اتفاق
اسلام آباد (دنیا نیوز) اسلام آباد میں پاکستان اور سوڈان کے درمیان سرکاری اور سفارتی پاسپورٹس پر ویزا فری داخلے کا معاہدہ طے پا گیا۔معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ایک دوسرے کے ملک میں داخلے کے لیے ویزا حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفی علی نے معاہدے پر دستخط کیے، محسن نقوی نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور سوڈان کے دوطرفہ تعلقات میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا، ویزا فری سہولت سے دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط اور وفود کے تبادلے مزید آسان ہوں گے جبکہ سرکاری سطح پر رابطوں اور باہمی تعاون کے فروغ کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ سوڈانی وزیر داخلہ نے معاہدے کو دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔
دونوں وزرائے داخلہ نے پاکستان اور سوڈان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ قبل ازیں پاکستان اور سوڈان نے سکیورٹی، داخلی امور، پولیس ٹریننگ، ادارہ جاتی تعاون، نادرا اور سائبر کرائم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر مکمل اتفاق کیا ہے ، سائبر کرائم کے شعبے میں تعاون کی خاطر جلد باضابطہ معاہدے پر دستخط کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔سوڈانی وزیر داخلہ کے استفسار پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان میں مقیم شادی شدہ سوڈانی خواتین کے درپیش ویزا مسائل کو فوری حل کرنے کے احکامات جاری کیے ، اس کے علاوہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سوڈانی پولیس افسران کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے اور سوڈانی شہری پاکستان میں معیاری طبی سہولیات سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔سوڈانی وزیر داخلہ نے پاکستان کے تجربات بالخصوص سائبر کرائم کے شعبے میں پاکستان کی مہارت سے استفادہ کی خواہش کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments