ہنگو اور گلگت میں چھتیں گرنے سے 7 بچیاں اور خواتین جاں بحق
کوہاٹ، گلگت(این این آئی)ضلع ہنگو کے شہر دوآبہ سے ملحقہ علاقہ جدید بانڈہ میں گھر کی چھت اچانک منہدم ہونے سے ملبے تلے دب کر ایک ہی خاندان کی 4 بچیاں جاں بحق جبکہ مالک مکان اور 2 خواتین سمیت 3 افرادزخمی ہوگئے۔
ریسکیو ترجمان کے مطابق واقعہ ہفتے کی علی الصبح تھانہ دوآبہ کی حدود میں واقع علاقہ جدید بانڈہ میں پیش آیا جہاں فضل غنی نامی شخص کے گھر کی چھت اچانک گری اور 4 کمسن بچیاں ملبے تلے دب گئیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ون ون ٹو ٹو کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور مقامی افراد کے تعاون سے امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے کافی جدوجہد کے بعد بچیوں کو ملبے سے نکالاتاہم چاروں بچیاں دم توڑ چکی تھیں۔ جاں بحق بچیوں کی عمریں 2 سے 12 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔ادھر گلگت میں بھی مکان کی چھت منہدم ہونے سے 3خواتین جاں بحق جبکہ4زخمی ہوگئیں۔
واقعہ گزشتہ شب میاں کالونی وارزہ میں پیش آیا جہاں پر شہری وہاب کے مکان کی چھت سوئے ہوئے مکینوں پر گر نے سے مالک مکان وہاب کی بیوی اور اس کی 2 بیٹیاں ملبے تلے دب کر چل بسیں جبکہ 4 افراد شدید زخمی ہوئے ، ریسکیو عملے اور اہل محلہ نے جاں بحق اور زخمیوں کو ملبے سے نکالا، تمام زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیاں فوری طور پر تیز کرنے اور متاثرہ افراد کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments