ایل پی جی 650 روپے کلوتک فروخت:میڈیا کے سامنے نیلامی کانیا نظام متعارف
نیلامی میں ہر کمپنی کو یومیہ زیادہ سے زیادہ 20 میٹرک ٹن ایل پی جی حاصل کرنے کی اجازت ہوگی مقامی پیداوار کا 10فیصد سرکاری کمپنیوں کیلئے مختص، باقی 90فیصد میڈیا کے سامنے نیلام ہوگا، وزیر پٹرولیم
اسلام آباد(دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)ملک بھر میں ایل پی جی کی من مانی قیمتوں پر فروخت جاری ہے۔ کوئٹہ اور اس کے اطراف میں ایل پی جی 570 سے 650 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ راولپنڈی، لاہور، ملتان اور سرگودھا میں 550 سے 600،کراچی میں 530 سے 580 اور گھوٹگی میں 600 روپے فی کلو میں مل رہی ہے۔ حکومت نے ایل پی جی کی شفاف نیلامی اور منصفانہ تقسیم کے لیے عملی اقدامات شروع کر دئیے، ایل پی جی نیلامی کا نیا نظام متعارف کر ا دیا گیا، میڈیا کے سامنے فروخت ہوگی،اس سلسلے میں قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس سیکرٹری پٹرولیم کی زیر صدارت ہوا۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ صارفین کو مناسب قیمتوں پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنائینگے۔ نیلامی کا نیا نظام ایل پی جی کی منصفانہ تقسیم، سپلائی چین کے استحکام اور توانائی کے تحفظ میں معاون ثابت ہوگا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ مقامی ایل پی جی پیدا کرنے والے ادارے اپنی مجموعی پیداوار کا 10 فیصد سرکاری مارکیٹنگ کمپنیوں کے لیے مختص کریں گے جبکہ بقیہ 90 فیصد ایل پی جی میڈیا کی موجودگی میں شفاف نیلامی کے ذریعے فروخت کی جائے گی۔ کمیٹی کے مطابق نیلامی میں ہر کمپنی کو یومیہ زیادہ سے زیادہ 20 میٹرک ٹن ایل پی جی حاصل کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ تمام اہل کمپنیوں کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے ۔ علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد صارفین کو مناسب قیمتوں پر ایل پی جی کی بہتر فراہمی یقینی بنانا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments