ذاتی قرض کی حد میں پونے 2 کروڑ اضافہ : یوتھ بزنس ، ایگریکلچرلون سکیموں سے فائدہ اٹھانے کی عمر میں3 سال کمی باعزت روزگارفراہمی کیلئے پر عزم ہیں : شہباز شریف
رواں سال نو جوانوں کو قرضے دینے کیلئے 292ارب مختص ،30فیصد خواتین کو دیئے جائیں،کاروبار کیلئے ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے :وزیراعظم وزیراعظم کی نواز شریف سے ملاقات،اسحاق ڈار ، مریم نواز بھی موجود، ملکی سیاسی و معاشی صورتحال، خلیجی جنگ کے اثرات پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم نے یوتھ بزنس اور ایگریکلچر لون سکیموں کے تحت ذاتی قرضوں کی حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کر دی جو آسان اقساط پر فراہم کئے جائیں گے ،رواں سال ان سکیموں کے تحت نو جوانوں کو قرضوں کی فراہمی کیلئے مجموعی طور پر 292 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے ، ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور انہیں باعزت و پیداواری روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔اتوار کو وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم اور وزیراعظم یوتھ ایگریکلچر لون سکیم کے تحت نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی اورسکیموں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان رانا مشہود احمد خان اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی امور طلحہ برکی نے شرکت کی۔ اجلاس میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے ، کاروبار کے مواقع فراہم کرنے اور زرعی شعبے میں ان کی شمولیت بڑھانے کے حوالے سے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔وزیراعظم نے نوجوانوں کے لیے کاروباری اور زرعی سرگرمیوں میں مالی معاونت کے مؤثر انتظامات پر وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قرضوں کی فراہمی کے پروگرام میں خواتین کیلئے 30 فیصد قرضے مختص کیے جائیں،نوجوانوں کے لیے قرض حاصل کرنے کی کم از کم عمر کی حدبھی 21 سال سے کم کرکے 18 سال کرنے کی ہدایت کردی تاکہ نوجوانوں کو کم عمری میں ہی کاروبار شروع کرنے اور زرعی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی نوجوانوں کو کاروبار کے آغاز، رہنمائی، کاروباری مشاورت اور تکنیکی معاونت سمیت سکیم کے تحت ہر ممکن معاونت فراہم کرے ۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو نوجوانوں میں ان سکیموں، دستیاب مواقع اور حکومتی اقدامات سے متعلق ملک گیر سطح پر وسیع پیمانے پر آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوری 2023 سے لے کر اب تک 5لاکھ81ہزار341 نوجوانوں کو قرضہ فراہم کیا گیا جو اس سے پچھلے دس سال کی نسبت 10 گنا زائد ہے ۔اس دوران 313 ارب 90 کروڑ کے قرضہ جات دیئے جاچکے ہیں۔ 2026-27 کے دوران 2لاکھ66ہزار700 نوجوانوں کو 292 ارب روپے قرضہ دینے کا تخمینہ ہے۔
لاہور(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جاتی امرا لاہور میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے اہم اور تفصیلی ملاقات کی ہے جو ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی، اس اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی صورتحال، خلیجی جنگ کے اثرات اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، شہباز شریف نے نواز شریف کو جاری حکومتی اصلاحات بالخصوص معاشی اصلاحات، ملک کو درپیش چیلنجز اور انکے تدارک کیلئے اقدامات پر بھی بریف کیاجبکہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر اعتماد میں لیااور انہیں پختونخوا کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے کئے گئے حالیہ اقدامات سے آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران خلیجی خطے میں جاری کشیدگی اور جنگ کے پاکستان کی معیشت اور توانائی کے شعبے پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کا بھی احاطہ کیا گیا، رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ موجودہ عالمی چیلنجز کے پیشِ نظر ملکی معیشت کا استحکام انتہائی ضروری ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قائد ن لیگ کو بتایا کہ حکومت نے پٹرول کی قیمت میں خاطر خواہ کمی کی ہے تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جاسکے ، اس پر نواز شریف نے ہدایت کی کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا براہِ راست فائدہ عام عوام تک پہنچنا چاہیے ، ،تمام تر وسائل عوام کو ریلیف دینے کیلئے بروئے کار لائے جائیں، مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہی دراصل عوام کو حقیقی ریلیف دینا ہے ، ایسی موثر معاشی پالیسیاں تشکیل دی جائیں جن کے نتیجے میں روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتیں نیچے رہیں اور پوری کوشش کی جائے کہ مہنگائی کا اضافی بوجھ غریب عوام کے کندھوں پر نہ آئے ، انہوں نے یاد دلایا کہ مسلم لیگ ن کا ہمیشہ سے یہ خاصہ رہا ہے کہ وہ ایسی پالیسیاں بناتی ہے جس کا ڈائریکٹ ریلیف عوام تک پہنچے۔
ملکی سکیورٹی اور اندرونی حالات پر گفتگو کرتے نواز شریف نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ریاست کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے ، اس ناسور کے خاتمے کے لیے تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر اور مکمل طور پر متحد ہیں، انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور خطے میں پائیدار امن کا قیام ہی حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ امن کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے قائدِ جماعت کو یقین دلایا کہ حکومت کو عام آدمی کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے اور اس سمت میں ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں، ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ صوبائی اور وفاقی سطح پر تمام تر انتظامی مشینری کو عوام کی خدمت اور فلاحی منصوبوں کی تکمیل کیلئے متحرک رکھا جائے گا تاکہ ہر سطح پر شہریوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنایا جائے ۔دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر رضا حیات ہراج نے گزشتہ روز ملاقات کی ،اس دوران باہمی دلچسپی کے امور، ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments