آبادی بڑھ چکی،نئے انتظامی یونٹس بنانے چاہئیں:خواجہ آصف

آبادی بڑھ چکی،نئے انتظامی یونٹس بنانے چاہئیں:خواجہ آصف

دنیا میں انتظامی یونٹس بنتے ہیں، عوام کو سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانا ضروری

اسلام آباد (دنیا نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی آبادی میں اضافہ ہو چکا ، نئے انتظامی یونٹس بننے چاہئیں۔ ٹی وی سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دنیا کے کئی ممالک میں انتظامی یونٹس بنائے جاتے ہیں، پاکستان میں بھی اس حوالے سے غور ہونا  چاہئے ، ماضی میں تمام صوبوں کو ضم کر کے ون یونٹ بنایا گیا تھا، تاہم بعد میں یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا۔خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ملک کے عوام کو سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے ، افغانستان میں پہلے 8 سے 10 صوبے تھے ، جنہیں تقسیم کر کے 30 سے 32 صوبوں میں تبدیل کردیا گیا۔وزیر دفاع نے کہا ہے کہ طاقت کا ارتکاز لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور تک محدود نہیں ہونا چاہئے ، بلکہ صوبائی دارالحکومتوں کے اختیارات انتظامی یونٹس کو منتقل ہونے چاہئیں،مرکز سے منتقل کیے جانے والے فنڈز صوبائی حکومتوں کے رحم و کرم پر رہ جاتے ہیں حالانکہ ان فنڈز کی اصل منزل بلدیاتی ادارے ہیں، بلدیاتی ادارے بھی صوبائی حکومتوں کے رحم و کرم پر ہوتے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سیاست دانوں کو سوچنا چاہئے کہ طاقت عوام کی امانت ہے ، لیکن سیاست دانوں کا نقطئہ نظر یہ ہے کہ وہ تمام اختیارات خود استعمال کرنا چاہتے ہیں،اگر 12 انتظامی یونٹس بنانے کی تجویز ہے تو 12 ہی بنا لیے جائیں، تاہم ان کی تشکیل میں زبان، نسل یا سیاسی مفادات کو بنیاد نہیں بنانا چاہئے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...