رائیونڈ : عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ رقت آمیز دعا کے ساتھ اختتام پذیر

 رائیونڈ : عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ رقت آمیز دعا کے ساتھ اختتام پذیر

جدید ٹیکنالوجی کی موجودگی میں بھی اللہ کے دین کی دعوت ہر انسان تک پہنچانا ہر امتی کی ذمہ دا ری ہے :علمائے کرام کے بیانات اختتامی دعا میں 6 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت، پنڈال میں موجود افراد آبدیدہ ، شرکا ء کیلئے 100من دودھ سے چائے تیار کی گئی

رائے ونڈ(این این آئی)عالمی اجتماع کا پہلا مرحلہ رقت آمیز دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا،اختتامی دعا سے قبل لاکھوں کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے مولاناضیا ء الحق اور مولانا زبیر الحسن آف انڈیانے کہا کہ رائے ونڈ کا اجتماع انسانی زندگیوں میں تبدیلی کا باعث اور خیرو برکت والا بنے ،لاکھوں کے مجمع میں ہزاروں انسانوں کی زندگی ایمان والی بن جائے اس کے لئے محنت کرنا ہو گا، اپنی زندگی کو اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق ڈھال کر دنیا و آخرت کی کامیابیاں سمیٹی جا سکتی ہیں، دعوت وتبلیغ کے ذریعے مسلمانوں کی زندگیوں میں تبدیلی آنی چاہیے ،دنیاوی معاملات کو اسلامی شریعت کے مطابق سرانجام دینا ہوگا،بھائی چارے والی زندگی بن جائے تو اللہ کریم اپنی شان دیکھ کر عطا فرماتے ہیں،مخلوق پیدا کرنے کی حکمت یہی ہے کہ مخلوق پر اپنا کرم کرنا ہے ، جو بندہ اللہ سے مانگے وہ پسند یدہ ہے ،اللہ کہتا ہے کہ مجھے پکارو میں جواب دوں گا ،تمہاری دعائیں قبول کروں گا،مخلوق کو اظہار کرم کے لئے پیدا کیا گیا ہے کوئی ناامید نہ ہو،امیدوار رہو،جنت کے بھی امیدوار رہو،دنیاوی معاملات کو اسلامی شریعت کے مطابق سرانجام دینا ہوگا،مسلمان کو دھوکہ نہیں دینا ، مساجد کو آباد کرنا ہوگا ،اجتماعیت کو اہمیت دی جائے ، مولانا ابراہیم دیولانے کہانماز زندگی کو پاکیزہ بناتی ہے ،نماز برے اعمال سے روک دے گی۔

خدمت میں میانہ روی کو اختیار کرنا ہے ، اللہ کے راستے میں خرچ کرنا بہت بڑا عمل ہے ،جو اللہ کی راہ میں خرچ کرتا ہے اس کو کبھی کمی نہیں آتی،جدیدٹیکنالوجی کی موجودگی میں بھی اللہ کے دین کی دعوت ہر انسان تک پہنچانا ہر امتی کی ذمہ دا ری ہے ،دعوت کے لیے خود جانا ہے ،علمی مجلس میں جانا ہے سیکھنا ہے ،فائدے اور دعا کے لیے جائیں،کارگزاری سنائیں،خواص سے ملاقاتیں کرنی ہیں ،نظروں کی حفاظت کرنی ہے ،پانچ اعمال پر کھڑا کرنا،تین دن میں تمام تقاضوں کو پورا کرنا ہے ، تہجد اور نوافل کا اہتمام کیا جائے ،فرض نماز تکبیر الاولی کے ساتھ پہلی صف میں ادا کی جائے ۔ اجتماع کے موقع پر بازار قائم نہ ہونے سے تبلیغی کارکنان نے زیادہ وقت پنڈال میں گزارا، ہزاروں لوگوں نے دین کیلئے وقت لگانے کا وعدہ کیا اورنام رجسٹرڈ کروایا ، اجتماع کے شرکا ء کیلئے 100من دودھ سے چائے تیار کی گئی۔ منتظمین نے کہا کہ اجتماع سے فراغت کے بعد اپنے علاقوں کو واپس جانے والے مہمانوں کو چائے پلائی جاتی ہے اور ساتھ لے جانے کیلئے بھی انتظامات کئے جاتے ہیں تاکہ اللہ کے راستے میں نکلنے والے مہمانوں کی اچھی انداز میں تواضع ہو سکے ،اختتامی دعا میں 6 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی۔ دعا کے دوران پنڈال میں موجود افراد آبدیدہ ہو گئے اور ہر آنکھ اشک بار نظر آئی ،اجتماع میں شریک ہزاروں افراد نے اپنی زندگی دین اسلام کی تبلیغ کے لیے وقف کرنے کا اعلان کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...