پاکستان 75برسوں کی سب سے لچکدار ریاست ،چیئرمین ایف بی آر

پاکستان 75برسوں کی سب سے لچکدار ریاست ،چیئرمین ایف بی آر

75 برسوں میں آبادی سات گنا بڑھی، فی کس حقیقی آمدنی میں 5.4 گنا اضافہ ہوا افغان جنگوں، لاکھوں مہاجرین اور مشرقی حریف کے معاشی دباؤ کے باوجود پاکستان مستحکم رہا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے کہا کہ پاکستان کو ناکام ریاست قرار دینے والوں کو ریکارڈ دیکھنا چاہیے کیونکہ پاکستان گزشتہ 75 برسوں کی سب سے زیادہ لچکدار ریاست ہے ۔ 1950 سے پاکستان کی آبادی 3 کروڑ   60 لاکھ سے بڑھ کر 25 کروڑ 90 لاکھ ہوچکی ہے یعنی سات گنا سے بھی زیادہ اضافہ ہوا۔ پاکستان نے دنیا کے مشکل ترین خطوں میں سے ایک میں آبادی کا یہ دباؤ برداشت کیا۔ایکس پر جاری بیان میں راشد لنگڑیال نے کہا کہ اگر پوری دنیا کی آبادی بھی اسی رفتار سے بڑھتی تو آج دنیا میں 8.3 ارب کے بجائے 18 ارب افراد ہوتے ۔ اسی شرح سے چین کی آبادی 1.4 ارب کے بجائے 4 ارب، یورپ کی 54 کروڑ کے بجائے 2.8 ارب اور جاپان کی 12 کروڑ کے بجائے 62 کروڑ 50 لاکھ ہوتی۔

ان کا کہنا تھا کہ مشرق میں تقریباً چھ گنا زیادہ آبادی اور نو گنا بڑی معیشت رکھنے والا حریف ملک ہے جبکہ مغرب میں افغانستان ہے جو گریٹ گیم سے سوویت اور امریکی جنگوں تک چار دہائیوں تک میدانِ جنگ رہا۔ اس دوران 30 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین بھی پاکستان آئے ۔راشد لنگڑیال کے مطابق بہت کم معاشروں نے اس قدر دباؤ برداشت کیا ہے ۔ تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشتوں میں بیشتر خانہ جنگی یا ریاستی انہدام کا شکار ہوئیں جبکہ باقی زیادہ تر غریب ہی رہیں۔ صرف تیل کی دولت رکھنے والے سعودی عرب اور عراق نے پاکستان سے بہتر کارکردگی دکھائی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس تیل کی دولت نہیں تھی، اس کے باوجود فی کس حقیقی آمدنی میں 5.4 گنا اضافہ ہوا، جو عالمی شرح سے زیادہ ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...