پاکستان ، سعودی عر ب کے معاشی تعلقات میں اہم پیش رفت:دونوں ملکوں کے سرمایہ کاروں نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ قائم کرنے کا معاہدہ کرلیا

 پاکستان ، سعودی عر ب کے معاشی تعلقات میں اہم پیش رفت:دونوں ملکوں کے سرمایہ کاروں نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ قائم کرنے کا معاہدہ کرلیا

کئی سو ملین ڈالر کے ابتدائی سرمائے سے فنڈ کا آغاز، 75 فیصد پاکستان اور25فیصد سعودی منصوبوں کیلئے مختص، زراعت، کان کنی، تعمیرات اور سرکاری اثاثوں کی تجارتی ترقی میں خرچ کا منصوبہ دونوں ملکوں کے مالیاتی اور دیگر اداروں کو فنڈ کی انتظامی کمپنی میں شیئرہولڈر بننے کی دعوت بھی دی جاسکے گی، منظوری کے بعد فنڈ کی حتمی ساخت اور ابتدائی سرمایہ کاری کے پروگرام طے ہونگے

ریاض /اسلام آباد ( نیوز ایجنسیاں )پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون کو عملی سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے ، دونوں ملکوں کے سرمایہ کاروں نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ قائم کرنے کا معاہدہ کرلیا ہے ۔ فنڈ کا ابتدائی حجم کئی سو ملین ڈالر ہوگا، جس کا 75 فیصد سرمایہ پاکستان جبکہ 25 فیصد سعودی عرب کے ترقیاتی اور تجارتی منصوبوں میں لگایا جائے گا۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل نے پیر کو اس فنڈ کے قیام کا اعلان کیا۔ کونسل کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع سامنے آنے کے ساتھ فنڈ کا حجم مزید بڑھایا جاسکتا ہے ۔ دونوں ملکوں کے نجی سرمایہ کار فنڈ میں برابر سرمایہ فراہم کریں گے ۔فنڈ کے تحت پاکستان میں زراعت، کان کنی، تعمیرات اور دیگر تیزی سے ترقی کرنے والے کاروباری شعبوں میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔

اس کے علاوہ حکومت پاکستان کے سرکاری اثاثوں اور زمینوں کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے منصوبے بھی سرمایہ کاری کے لیے زیر غور آئیں گے ۔ان منصوبوں میں ہوائی اڈوں، موٹرویز، بندرگاہوں اور بحری شعبے کی ترقی شامل ہے ۔ سعودی عرب میں بھی تجارتی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کیے جائیں گے ، جن میں مقدس شہروں کے منصوبے بھی شامل ہیں۔معاہدے کے تحت دونوں ملکوں کے مالیاتی اور دیگر اداروں کو فنڈ کی انتظامی کمپنی میں حصص دار بننے کی دعوت بھی دی جاسکے گی، جس سے سرمایہ کاری کے دائرے کو وسعت دینے میں مدد مل سکتی ہے ۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان اور سعودی عرب اپنے دیرینہ تعلقات کو دفاع سے آگے بڑھا کر وسیع تر اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے اعلیٰ سطح کے کاروباری وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ بھی کیا تھا۔ اس سے قبل دونوں ملک پاکستانی زرعی اور غذائی مصنوعات کی سعودی عرب برآمدات تین ارب ڈالر تک بڑھانے پر بھی اتفاق کرچکے ہیں ۔تاہم مشترکہ فنڈ کے قیام اور سرمایہ کاری کا عملی آغاز پاکستان اور سعودی عرب میں متعلقہ حکومتی و مالیاتی اداروں کی منظوریوں سے مشروط ہوگا۔ منظوریوں کے بعد فنڈ کی حتمی ساخت اور ابتدائی سرمایہ کاری کے منصوبے طے کیے جائیں گے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...