پاکستان کا حوثیوں سے سعودی عرب پر حملے فوری بند کرنے کا مطالبہ
سعودی کمپنی آرامکو کی عمارت پر حملے کی کوشش قابل مذمت، یہ غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہے :ترجمان دفتر خارجہ بلاجواز اور بلااشتعال جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے سعودی حکام کی مستعدی ، فوری ردعمل کو سراہتے ہیں:اعلامیہ
اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی آئل کمپنی آرامکو کی انتظامی عمارت پر حوثیوں کے حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے حوثیوں سے سعودی عرب پر حملے فوری روکنے کا مطالبہ کردیا۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں پاکستان نے یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی آرامکو کی انتظامی عمارت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے کہا کہ حملے کے نتیجے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا انسانی جانوں اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے سنگین بے حسی اور غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہے ، پاکستان حوثیوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ سعودی عرب کے خلاف تمام حملے فوری اور غیر مشروط طور پر بند کریں۔دوسری جانب پاکستان نے بلاجواز اور بلااشتعال جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے سعودی حکام کی مستعدی اور فوری ردعمل کو سراہتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے ضروری تمام اقدامات کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے ۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کیلئے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے ، پاکستان سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ پوری ثابت قدمی سے کھڑا ہے اور اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کیلئے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments