اسلام آباد بلدیاتی الیکشن :گزشتہ سال سے 765امیدوار کم

اسلام آباد بلدیاتی الیکشن :گزشتہ سال سے 765امیدوار کم

3505 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ، گزشتہ سال 4270 تھے 6560 کاغذات جاری، 3395 مردوں کے مقابلے میں صرف 110 خواتین امیدوار

 اسلام آباد (ایس ایم زمان) اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال اور دیگر وجوہات کے باعث گزشتہ سال کے مقابلے میں 765 کم امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ موجودہ انتخابی شیڈول کے تحت کاغذات نامزدگی حاصل کرنے والے امیدواروں میں سے تقریباً نصف نے ہی انہیں جمع کرایا۔الیکشن کمیشن کے اعدادوشمار کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے مجموعی طور پر 3ہزار 505 امیدواروں نے کاغذات   نامزدگی جمع کرائے جن میں 3ہزار 395مرد اور 110خواتین شامل ہیں جبکہ امیدواروں کو مجموعی طور پر 6ہزار 560 کاغذات نامزدگی جاری کیے گئے تھے ۔الیکشن کمیشن نے 2025 میں اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کیا تھاجس کے تحت 4 ہزار 270 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے ۔ نئے شیڈول کے تحت گزشتہ سال کے مقابلے میں 765 کم امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔انتخابات کے لیے امیدواروں کی تعداد میں کمی کی ایک بڑی وجہ دو مرتبہ انتخابی عمل کا ملتوی ہونا بھی قرار دی جا رہی ہے ۔اعدادوشمار کے مطابق جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی میں مرد امیدواروں کا تناسب تقریباً 96.9 فیصد جبکہ خواتین کا تناسب 3.1 فیصد ہے ۔ اس طرح جاری کیے گئے 6 ہزار 560 کاغذات میں سے 3 ہزار 505 واپس جمع کرائے گئے جو مجموعی تعداد کا تقریباً 53.4 فیصد بنتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...