پنجاب میں شدید گرمی کی لہریں غذائی تحفظ کیلئے خطرہ :اقوامِ متحدہ

پنجاب میں شدید گرمی کی لہریں  غذائی تحفظ کیلئے خطرہ :اقوامِ متحدہ

اسلام آباد (دنیانیوز) اقوامِ متحدہ کے اداروں کی ایک رپورٹ کے مطابق پنجاب کے بارانی دیہی علاقوں میں گرمی کی لہروں کی بڑھتی ہوئی شدت اور تعداد زرعی پیداوار کو متاثر کر رہی ہے۔۔

 ، جس کے باعث گھریلو آمدنی میں کمی اور غذائی عدم تحفظ میں اضافہ ہو رہا ہے ، اس صورتِ حال سے بالخصوص خواتین اور کمزور طبقات زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔یہ جائزہ رپورٹ ’’شدید گرمی اور زراعت‘‘اقوامِ متحدہ کے اداروں فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن اور ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن نے مشترکہ طور پر جاری کی ہے ۔رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ بڑھتا ہوا درجہ حرارت عالمی غذائی پیداوار کو درپیش سنگین ترین اور فوری خطرات میں سے ایک بن چکا ہے ، یہ خطرہ اربوں افراد کے روزگار کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ کمزور زرعی برادریوں کو فوری معاشی اور غذائی نقصان پہنچا رہا ہے ۔اقوامِ متحدہ کے اداروں کے مطابق پنجاب کے زیادہ بارش والے علاقوں میں پھلوں کی پیداوار میں 50 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے ، شدید گرمی کے زرعی پیداوار پر اثرات انتہائی واضح ہیں، کیونکہ گرمی کی لہروں کے باعث فصلوں کی پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔خطے میں مویشی پالنے کا شعبہ بھی شدید متاثر ہو رہا ہے ، شدید گرمی کے دباؤ کے باعث بڑے جانوروں میں دودھ کی پیداوار کم ہو جاتی ہے۔

 

، جبکہ چھوٹے مویشیوں میں منہ کھر کی بیماری پھیلنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔زراعت پر انحصار کرنے والے دیہی خاندانوں کے لیے زرعی پیداوار میں کمی کا براہِ راست مطلب گھریلو آمدنی میں کمی ہے ، جس سے بنیادی غذائی اشیا خریدنے کی ان کی صلاحیت بھی متاثر ہوتی ہے ۔اس بحران میں مزید شدت اس وجہ سے آ رہی ہے کہ شدید گرمی میں سبزیوں، دودھ اور دیگر جلد خراب ہونے والی اشیا کے ضائع ہونے کی رفتار بڑھ جاتی ہے ۔ خوراک کا اس بڑے پیمانے پر ضائع ہونا مقامی منڈیوں میں غذائی اشیا کی دستیابی کم کرتا ہے اور قیمتوں میں اضافے کا سبب بنتا ہے ۔دیہی خاندانوں کو دوہرے نقصان کا سامنا ہے ، ایک طرف وہ اپنے استعمال کے لیے کم اقسام اور کم غذائیت والی خوراک پیدا کر پاتے ہیں، جبکہ دوسری طرف زرعی آمدنی بھی کم ہو جاتی ہے ، جس پر ان کا بازار سے خوراک خریدنے کے لیے انحصار ہوتا ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ دوہرا بوجھ صحت مند اور متوازن غذا تک ان کی رسائی کو شدید محدود کر دیتا ہے ، اگرچہ اس صورتِ حال سے پوری برادری متاثر ہوتی ہے ، تاہم اقوامِ متحدہ کے اداروں کے مطابق خواتین کو عموماً اس بحران کا غیر متناسب طور پر زیادہ بوجھ برداشت کرنا پڑتا ہے ۔رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ اگر گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا تو سال 2100 تک دنیا کے تقریباً نصف مویشی خطرناک حد تک گرمی کی زد میں آ سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں سالانہ تقریباً 40 ارب ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...