ایران پر حملہ رکوانے کیلئے چین ،ترکیہ متحرک:صورتحال بگڑ رہی، جنگ روکنے کی کوشش کرینگے :ترک صدر،امریکا ایران معاہدہ مشکل:امارات،چینی خصوصی ایلچی کی ایرانی حکام سے ملاقات

ایران پر حملہ رکوانے کیلئے چین ،ترکیہ متحرک:صورتحال بگڑ رہی، جنگ روکنے کی کوشش کرینگے :ترک صدر،امریکا ایران معاہدہ مشکل:امارات،چینی خصوصی ایلچی کی ایرانی حکام سے ملاقات

آئندہ ہفتے ایران جنگ پرچینی اور روسی صدور سے بات ہو گی ،کئی اہم امور زیر بحث آئیں گے ، ٹرمپ ،ہم عزت اور احترام کیساتھ تنازع کے حل کیلئے تیار ، ایرانی صدر بندر عباس اور قشم میں دھماکے ،تنصیبات کو نقصان نہیں پہنچا، ایرانی حکام،سعودی تیل پائپ لائن پر حملہ، آگ بھڑک اٹھی،عالمی منڈی میں تیل 5فیصد سے زائد سستا

تہران، انقرہ، واشنگٹن، ریاض (نیوز ایجنسیاں) ایران پر حملہ رکوانے کیلئے چین اورترکیہ متحرک ہو گئے ،مشرقِ وسطیٰ کے امور کیلئے چینی حکومت کے خصوصی ایلچی ژائی جون نے تہران میں ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے نائب سیکرٹری علی باقری کنی اور نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی سے ملاقات کی ہے ۔چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق ژائی جون نے تہران میں ایران اور چین کی دیرینہ اور مضبوط دوستی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگوں اور تنازعات کا دورانیہ طویل ہو گیا ہے اور ان کا دائرہ دیگر علاقوں تک بھی پھیل چکا ہے ۔انھوں نے کہا کہ چین کا مو قف ہے کہ طاقت کے استعمال سے مسائل حل نہیں کیے جا سکتے اور تمام ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام کیا جانا چاہیے ۔چینی خصوصی ایلچی عمان اور سعودی عرب بھی جائیں گے ۔ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران پر حملوں کی نئی لہر نہیں دیکھنا چاہتا ، انھوں نے حالیہ ٹیلی فونک گفتگو میں امریکی صدر ٹرمپ کے سامنے بھی اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے ۔روئٹرز کے مطابق اردوان نے آذربائیجان کے دورے سے واپسی پر طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ ہر موقع پر اس بات پر زور دیتا ہے کہ مسائل کا حل سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے ممکن ہے ۔

انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم ایک بار پھر صورتحال کو منفی سمت میں جاتے دیکھ رہے ہیں،صورتحال بگڑتی دیکھ رہے ہیں۔ترک صدر کا کہنا تھا کہ ہم اس صورتحال کو روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ایران اور امریکا کے درمیان تنازع مزید شدت اختیار کرنے سے روکنے کے لیے سفارتی کوششوں میں تیزی آنے کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے جنگ کے بجائے سفارت کاری کو ترجیح دینے پر زور دیا ہے ۔انھوں نے کہا ہے کہ ہم عزت اور احترام کے ساتھ بات چیت کر کے معاملہ ختم کر سکتے ہیں۔ ہم بات چیت اور مذاکرات کرنے والے لوگ ہیں اور منطق کا تقاضا ہے کہ اگر ہم مذاکرات کے ذریعے اپنے حقوق حاصل کر سکتے ہیں تو خود کو جنگ میں نہیں جھونکنا چاہیے ۔تاہم پزشکیان نے واضح کیا کہ ایران طاقت کے استعمال یا دھونس کے آگے ہتھیار نہیں ڈالے گا۔متحدہ عرب امارات کے وزیرِ اعظم کے سینئر مشیر انور قرقاش کا کہنا ہے کہ خطے کو ایک طویل مدت تک عدم استحکام، غیر یقینی کی صورتحال اور غیر واضح سیاسی و سکیورٹی ماحول کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔قرقاش نے پیش گوئی کی کہ امریکا اور ایران کے درمیان کسی سیاسی معاہدے تک پہنچنا مشکل دکھائی دیتا ہے ۔ ابوظہبی میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قرقاش نے کہا کہ ہمیں ایک طویل غیر یقینی کے دور کے لیے خود کو تیار کرنا ہوگا، ایک ایسا دور جس میں نہ کسی حتمی حل کی ضمانت دی جا سکتی ہے اور نہ ہی ہم ایک مستحکم علاقائی نظام کے قیام کے بارے میں یقین سے کچھ کہا جا سکتا ہے ۔

اماراتی اعلیٰ عہدیدار نے یہ بھی کہا کہ ایران کے ساتھ امریکی جنگ کے نتائج طویل عرصے تک برقرار رہ سکتے ہیں، جس کے باعث متحدہ عرب امارات کو اپنی دفاعی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری، قابلِ اعتماد بازدار قوت برقرار رکھنے اور اپنے بین الاقوامی سکیورٹی شراکت داروں کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہوگی۔امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے چین میں چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ایران کے معاملے پر بات چیت کر سکتے ہیں۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ چین میں ہونے والی ملاقاتوں میں کئی اہم امور زیرِ بحث آئیں گے ، جن میں ایران کے ساتھ جنگ کا خاتمہ اور جوہری ہتھیاروں کی تخفیف بھی شامل ہیں۔یہ ملاقاتیں اگلے ہفتے چین میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پی ای سی) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر متوقع ہیں۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہوئی کیوں کہ ایران کے مطالبات نا قابلِ قبول اور غیر حقیقی ہیں۔پیر کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے روبیو نے کہامیں یہ نہیں کہوں گا کہ ہم کسی بڑی پیش رفت کے دہانے پر ہیں۔ صدر ہمیشہ اس مسئلے اور ہر مسئلے کو سفارتی طریقے سے حل کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

بد قسمتی سے بعض اوقات ایسا ممکن نہیں ہوتا، لیکن اگر ایسا کرنے کا کوئی موقع ہوا تو ہم اسے ضرور آزمائیں گے ۔اب تک ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ رہنے کی وجہ بتاتے ہوئے انھوں نے دعویٰ کیا کہ ایرانی مطالبات نہ صرف نا قابلِ قبول ہیں بلکہ بعض معاملات میں انتہائی غیر معمولی اور مضحکہ خیز بھی ہیں۔ایرانی جزیرہ قشم میں اتوار کو رات گئے دھماکوں کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد ایران کے صوبہ ہرمزگان کے ایک عہدے دار نے کہا ہے کہ امریکا نے قشم جزیرے کے حدود میں بعض مقامات کو نشانہ بنایا، تاہم ان حملوں سے رہائشی علاقوں یا انفراسٹرکچر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ہرمزگان کے سیاسی و سکیورٹی امور کے نائب گورنر احمد نفیسی نے کہا کہ جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا وہ رہائشی اور تجارتی علاقوں سے باہر واقع تھے ، اور جزیرے کے اہم تنصیبات کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ حملوں میں کون سے مقامات کو نشانہ بنایا گیا، تاہم کہا کہ قشم میں صورتحال کنٹرول میں ہے اور امدادی اور انتظامی ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔ بندر عباس اور قشم کے بعض رہائشیوں نے بھی کم ازکم چار دھماکوں کی اطلاعات دی تھیں، ایک شہری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے منسلک ایک چینل کو بھیجے گئے پیغام میں دعویٰ کیا تھا کہ جزیرہ قشم کے علاقے نریمان میں فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔

ایرانی ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آبنائے ہرمز میں چار تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنایا ہے ۔ ادارے کا کہنا ہے کہ گذشتہ 10 روز میں نشانہ بنائے جانے والے جہازوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے ۔ادھر امریکا اور ایران کے درمیان جنگ ختم کرنے کے لیے سفارتی مذاکرات کی امید پر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ بین الاقوامی معیار برینٹ کروڈ کی قیمت 5 فیصد سے زائد گر کر 93 ڈالر 32 سینٹ فی بیرل کی سطح پر آگئی۔ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت بھی 4.5 فیصد کمی کے بعد 86 ڈالر 75 سینٹ فی بیرل ہوگئی۔دوسری جانب سعودی عرب کی مشرقی مغربی تیل پائپ لائن کو پیر کے روز نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی تاہم تیل کی ترسیل متاثر نہیں ہوئی۔ سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق حملہ مغربی علاقے مدینہ میں کیا گیا، جس سے محدود پیمانے پر آگ لگی، جس پر فوری قابو پالیا گیا۔ حکام نے حملے کے ذمہ داروں کی نشاندہی نہیں کی۔ واضح رہے کہ آبنائے ہرمز کی ممکنہ ناکہ بندی کے دوران یہ پائپ لائن سعودی عرب کے لیے تیل کی ترسیل کا اہم متبادل راستہ ہے ۔ سعودی دارالحکومت ریاض میں پیر کو فضائی حملے کے خطرے کا ہنگامی انتباہ جاری کیا گیا، تاہم چند منٹ بعد واپس لے لیا گیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...