پنجاب میں تبدیلی کی چہ مگوئیاں، مریم نواز حکومت محفوظ
تبدیلی کے خواہاں خود سامنے آنے کو تیار نہ حکومت کو چیلنج کرنے کا حوصلہ
(تجزیہ:سلمان غنی)
پنجاب کی سطح پر سیاسی تبدیلی اور متبادل سیٹ اپ کے بارے میں چہ مگوئیوں کے پیچھے کیا ہے ؟ کون ہے جو پنجاب میں مریم نواز کی حکومت پر اثر انداز ہونا چاہتا ہے اور کیا پنجاب حکومت اس پوزیشن میں ہے کہ کوئی براہِ راست اس پر اثر انداز ہو سکے ؟ ،اس کا تجزیہ ضروری ہے ۔ویسے تو پنجاب میں دو، ڈھائی سال بعد ہر حکومت کے خلاف چہ مگوئیوں کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے ، بلاشبہ کچھ لوگوں کی خواہش ہو سکتی ہے مریم نواز کی حکومت کو کمزور کیا جائے یا ان پر الزام تراشی کر کے انہیں دفاعی پوزیشن پر لایا جائے اور ضروری نہیں یہ عمل صرف مخالف صفوں میں ہو، ایسا بھی ممکن ہے پنجاب کی وزارتِ اعلیٰ پر کسی کا دل آیا ہو لیکن پنجاب ایسا صوبہ ہے جس پر شب خون مارنا اس وقت تک ممکن نہیں جب تک ایسی کسی تحریک کے پیچھے کوئی اور خصوصاً غیر سیاسی عنصر سرگرم نہ ہو ،لہٰذا پنجاب حکومت اور اس کے خلاف جاری چہ مگوئیوں کا جائزہ لیا جائے تو فی الحال اس کے پیچھے خواہشات کا عمل تو ہو سکتا ہے مگر کوئی سنجیدہ تحریک نظر نہیں آتی ۔ ویسے تو کچھ اتحادی جو وفاقی حکومت میں موجود ہیں مگر پنجاب کے سیاسی محاذ پر وہ پسِ پردہ پنجاب حکومت کے خلاف پراپیگنڈا کر کے اس پر اثر انداز ہونے کیلئے سرگرمِ عمل ہیں مگر پنجاب کی سطح پر کوئی ان کے ساتھ چلنے کوتیار نہیں ہو گا ۔ ویسے بھی پنجاب میں سیاسی تبدیلی کے خواہاں عناصرکے پاس اتنا حوصلہ نہیں کہ وہ خود سامنے آ کر وزیراعلیٰ مریم نواز کی حکومت کو چیلنج کر سکیں، لہٰذا وہ اس ضمن میں جن کے نام لیتے نظر آتے ہیں وہ ایسے کسی عمل سے یکسر انکاری ہیں ۔جہاں تک چودھری شجاعت کے بیٹوں کے تحفظات کا سوال ہے تو ہو سکتا ہے وہ تحفظات بارے حق بجانب ہوں لیکن ان میں اتنا دم خم نظر نہیں آتا کہ وہ پنجاب حکومت کو چیلنج کر سکیں ۔
البتہ یہ ضرور کہا جا سکتا ہے کہ اگر ان کی جانب سے پنجاب حکومت پر اعتراضات اور کرپشن کے الزامات کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو خود پنجاب حکومت ضرور کسی انتہائی اقدام پر مجبور ہو سکتی ہے اور اگر اس حوالے سے پیش رفت ہوتی ہے تو پھر آنے والے وقت میں ن لیگ اور ق لیگ کا چلنا مشکل ہو گا مگر ابھی نوبت یہاں تک پہنچتی نظر نہیں آ رہی۔ لہٰذا کہا جا سکتا ہے کہ مستقبل قریب میں پنجاب کے اندر کسی سیاسی تبدیلی کا امکان نہیں البتہ پنجاب حکومت کو دفاعی محاذ پر لانے کیلئے پسِ پردہ سرگرمیاں جاری ہیں،ن لیگ کی اصل سیاسی قوت پنجاب ہے اور مریم نواز پنجاب سے اپنی سیاسی گرفت کمزور نہیں ہونے دیں گی۔ جہاں تک سپیکرپنجاب اسمبلی ملک احمد بارے چہ مگوئیوں کا سوال ہے تو ان کے بارے سنجیدہ حلقوں کی رائے ہے کہ وہ ایسے کسی عمل کا حصہ کبھی نہیں بنیں گے جس سے ان کی سیاست پر حرف آتا ہو، البتہ وہ اپنے ذاتی مراسم کو سیاست سے زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔ شریف خاندان کے ایک اہم ذریعے کا کہنا ہے کہ اگر کچھ لوگ ہمارے خلاف ملک احمد خان سے توقعات لگائے بیٹھے ہیں تو پھر ہمارے لیے ستے خیراں ہیں ۔ البتہ یہ ضرور کہا جا سکتا ہے کہ پنجاب حکومت کی وجہ سے جن کی سیاست کو خطرہ ہے ، وہ اچھل کود کر رہے ہیں اور ہم اس سے محظوظ ہو رہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments