وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا، عوام اسلام آباد، لاہور کے کاروباری طبقے کی خواہش پر نظام تلپٹ ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے: ملک کی سیاست کو ری سیٹ کرنا ہو گا: بلاول

 وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا، عوام اسلام آباد، لاہور کے کاروباری طبقے کی خواہش پر نظام تلپٹ ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے: ملک کی سیاست کو ری سیٹ کرنا ہو گا: بلاول

وزیراعظم اپوزیشن کیساتھ نئے جھگڑے نہ چھیڑیں ،اتحادیوں کااعتماد بحال کریں ،ملک کو بدترین معاشی بحران ،تاریخی مہنگائی کا سامنا ہے ، عوام کو نفرت کی سیاست نہیں مسائل کا حل چاہیے عالمی بینک نے اعتماد کیا،ہم پورا اترے ، 10لاکھ گھر بنائے ، خواتین کو زمینوں کا مالک بنایا،تنقید کرنیوالے ہم سے عوام کی خدمت سیکھیں،سیلاب متاثرین کیلئے گھروں کی تکمیل پر خطاب

 کراچی (دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ، عوام اسلام آباد اور لاہور کے کاروباری طبقے کی خواہش پر نظام تلپٹ ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے ،چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ملک کی سیاست کو ری سیٹ کرنا ہوگا۔ کراچی میں سندھ کے سیلاب متاثرین کے گھروں کی تکمیل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ ملک کو اس وقت بدترین معاشی بحران ،تاریخی مہنگائی کا سامنا ہے ، وزیراعظم کو مشورہ ہے اپوزیشن کے ساتھ نئے جھگڑے چھیڑنے کے بجائے اتحادیوں کا اعتماد بحال کریں، نئے جھگڑے چھیڑنے کا یہ وقت نہیں ۔ بلاول نے کہا پوری دنیا اس وقت معاشی بحران سے گزر رہی ہے ،تاریخی مہنگائی کے باعث عوام حکومتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ کون مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑا ہے ، عوام کو نفرت اور تقسیم کی سیاست نہیں بلکہ اپنے معاشی مسائل کا حل چاہیے۔

مزید کہا کہ سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین سے کئے گئے وعدے پورے کرکے تاریخ رقم کردی ہے ، معاشی بحران، تعلیمی مسائل اور بے روزگاری کے موجودہ دور میں سیاسی جماعتوں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں،انہوں نے کہا یہ 10 لاکھ گھر محض عمارتیں نہیں بلکہ ان کے مالکان کو زمین کا حق بھی دیا گیا ہے ، ہم نے گھروں کی خواتین کو زمین کا مالک بنایا، جن لوگوں کے پاس اپنا گھر نہیں تھا انہیں گھر تعمیر کرکے د ئیے اور زمین کی ملکیت بھی منتقل کی، یہ 1970 کے بعد زمین کی منتقلی کا بھی سب سے بڑا منصوبہ ہے ۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عوام اپنی حکومتوں کی طرف تقسیم کی سیاست اور ایک دوسرے کو لڑانے کیلئے نہیں دیکھتے بلکہ وہ اپنی زندگیوں کو آسان بنانے اور مسائل کے حل کی امید رکھتے ہیں، سندھ حکومت کے گھر بنانے اور مفت علاج کے منصوبے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہیں۔بلاول نے کہا حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو سہولتیں فراہم کریں اور مشکل حالات میں ان کا معاشی تحفظ یقینی بنائیں، سندھ حکومت 10 لاکھ گھروں کی تعمیر کے بعد 20 لاکھ گھر بنانے کا ہدف حاصل کرنے کیلئے بھی پرعزم ہے۔

عوام دیکھ رہے ہیں کہ کون سی سیاسی جماعت انہیں معاشی بحران سے نکالنے کیلئے ان کے ساتھ کھڑی ہے ، سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ عوام کو بتائیں کہ انہیں معاشی مشکلات اور ناکامیوں سے کیسے نکالیں گی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ کچھ سیاستدان سمجھتے ہیں امیر طبقے کو ری سیٹ کریں، میں سمجھتا ہوں غریب عوام کو ری سیٹ کریں، اس سے ملک ترقی کرے گا، کاروباری اور امیر طبقے کے کہنے پر نہیں بلکہ غریب آدمی کے کہنے پر چلیں تو ملک ترقی کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کے باعث کئی علاقے متاثر ہوئے ، فضائی دورہ کیا تو لگا کہ سمندر کے اوپر سے گزر رہے ہیں، ہم نے اس وقت متاثرین سے وعدہ کیا تھا کہ گھر بنا کردیں گے اور تین سال میں 10 لاکھ گھر بنا کر دے چکے ہیں، 10 لاکھ گھر اور بھی بنا کردیں گے ۔اپنے خطاب میں بلاول بھٹو نے بتایا کہ خواہش تھی بلوچستان میں بھی متاثرین کو گھر بنا کردیں گے ، بلوچستان میں وفاقی حکومت نے ذمہ داری لی اور سندھ میں ہم نے ذمہ داری لی، وفاقی حکومت نے تین سال میں 30 ہزار گھر بنائے اور ہم نے 10 لاکھ گھر بنائے ، اس ہاؤسنگ منصوبے سے بڑا ملک میں کوئی منصوبہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ سندھ حکومت کی کردار کشی کی جاتی ہے ، ہمارے مخالفین کہہ رہے تھے ہم پیسہ بنانے کیلئے محنت کررہے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ سے کہتا ہوں کرپشن کی مانیٹرنگ کرنے والوں کو کہیں اس منصوبے کی مانیٹرنگ کریں، دعویٰ کرتا ہوں اس ہاؤسنگ منصوبے میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی۔ بلاول نے مزید کہا کہ وفاقی ادارے عالمی بینک کو یہ باور کرانے میں مصروف تھے کہ صوبائی ادارے کرپٹ ہوتے ہیں، تاہم عالمی بینک نے سندھ حکومت پر اعتماد کیا اور صوبائی حکومت نے عملی طور پر کام کرکے دکھایا۔سندھ کو جتنی بڑی قدرتی آفت کا سامنا کرنا پڑا، دیگر صوبے شاید اس کا مقابلہ نہ کر سکتے ، تنقید کرنے والے سندھ میں تعلیم کے مسائل پر بات کرنے کے بجائے حکومت پر تنقید کرتے ہیں،ہماری کردار کشی اور تنقید کرنے والے ہم سے سیکھیں کہ عوام کی خدمت کیسے کی جاتی ہے ۔ بلاول بھٹو نے کہا شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے ہمارا ساتھ دیا، شہبازشریف سے پہلے جو وزیر اعظم تھا اس نے سیلاب میں ہمیں ایک روپیہ نہیں دیا،کہا کہ سندھ ہمارا نہیں۔

عالمی بینک نے صوبائی حکومت پر اعتماد کیا اور ہم نے اس اعتماد پر پورا اترتے ہوئے منصوبے کو مکمل کرکے دکھایا۔بلاول نے کہا اسلام آباد، لاہور کے کاروباری طبقے کی خواہش پر نظام کو کیسے جوڑ، توڑ کیا جائے ،عوام کسی کی خواہش پر نظام تلپٹ ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے ۔وزیراعظم کو مشورہ ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ نئے جھگڑے چھیڑنے کا یہ وقت نہیں ہے ،اتحادی جماعتوں کا اعتماد بحال کریں۔ چیئر مین پی پی پی نے کہا خوشخبری ہے کہ وزیر اعظم اور ان کی ٹیم سے ملاقات میں طے کیا کہ آپس کی کوآرڈی نیشن کو مزید بہتر کیا جائے گا ،مل کر کام کریں گے ، جو ذمہ داری وفاق کی ہے وہ پوری کریں گے ، جو ہماری ہے ہم وہ پوری کریں گے ۔بلاول بھٹو نے کہا ہم سیاست میں عوام کی خدمت کیلئے آئے ہیں ان پر حکمرانی کرنے نہیں آئے ، دعا ہے اسلام آباد والے بھی آپ پر حکمرانی کے بجائے آپ کی خدمت کا سوچیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...