کرپشن کی باتیں کرنیوالے جہاں سے آٹھ کر آتے ہیں سب پتہ : اگلی ارینجمنٹ کیلئے جگہ بنانیوالے وزارت سے استعفیٰ کیوں نہیں دیتے : مریم نواز
الیکشن قریب آتے ہی کئی لوگوں کو تکلیف شروع ہو گئی ،کسی وزیر کیخلاف کرپشن کا ثبوت سامنے آیا تو قسم کھاتی ہوں نہیں چھوڑوں گی ،کیادوسرے صوبوں میں کرپشن نہیں؟ جس پر تشدد کیا اسی بچی سے مالدار کو تھپڑ لگوائے :وزیر اعلیٰ کا خطاب ،جہلم میں نواز شریف سکول آف ایمیننس، دینہ،سوہاوہ ،پنڈدادنخان میں گرین بسیں چلانے کا اعلان
لاہور(سٹاف رپورٹر، دنیا نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کرپشن کی باتیں کرنیوالے جہاں سے اٹھ کر آتے ہیں سب پتہ ہے ، اگلی ارینجمنٹ کیلئے جگہ بنانیوالے وزارت سے استعفٰی کیوں نہیں دیتے ۔جہلم میں سکالر شپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے الیکشن قریب آ رہے ہیں کئی لوگوں کو تکلیف شروع ہوگئی ہے ، ایسے لوگ جہاں سے اٹھ کر آئے ہوتے ہیں سب پتہ ہے ، ایسے لوگ اگلی بار کیلئے اپنی جگہ پکی کر رہے ہوتے ہیں۔گوجرانوالہ اور ساہیوال کے الیکشن میں سب محاذ آرا ہوگئے ، کالعدم جماعتوں نے پورا زور لگایا لیکن ن لیگ کو فتح حاصل ہوئی۔باتوں اور دعووں کی شیلف لائف ختم ہوچکی ہے ، کوئی بیانیہ خدمت کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کیا سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کرپشن نہیں ہے ؟ ،خیبرپختونخوا میں تو کرپشن کا پورا ایک نیٹ ورک تھا، پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں کی وزیراعلیٰ روزانہ کرپشن کے واقعات بے نقاب کرتی ہیں۔
کھر بوں کے منصوبے ہیں،مریم نواز نے عوام کی امانت میں ایک پیسے کی کرپشن نہیں کی۔کسی وزیر کے خلاف کرپشن کا ثبوت سامنے آجائے تو قسم کھاتی ہوں نہیں چھوڑوں گی ۔جنہوں نے کرپشن اور رشوت خوری میں نام بنایا آج بھی باہر بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دعویٰ بالکل نہیں کرتی کہ کرپشن بالکل ختم ہوگئی ہے ۔ کیا دوسرے صوبوں میں کرپشن نہیں ہوتی، لیکن پنجاب میں سی ایم کرپشن کا پتہ چلنے پر پیچھے پڑ جاتی ہے ۔تیرہ چودہ سال خیبرپختونخوا میں حکومت رہی، جو کرپشن کی اور کھانچے لگائے آج سامنے آرہے ہیں۔میں پنجاب کی بات کرتی ہوں، باقی صوبوں کی بات نہیں کرتی، وہ خود عوام کو جوابدہ ہیں۔ خیانت کرنے والوں کے حلق سے مال نکال لائیں گے ۔ پنجاب کی وزیراعلیٰ مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے ، ایک خاتون کو دکان مالک نے تھپڑ مارے ، متاثرہ خاتون کو تھانے بلا کر میں نے کہا اس مالدار کے منہ پر زوردار تھپڑ مارو، آج نوجوانوں کے ہاتھوں میں پٹرول بم یا پتھر نہیں ہیں، نوجوانوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ ہیں۔انہوں نے کہا کہ جہلم کی سرکاری یونیورسٹی کے 115 طلبا اور نرسنگ کالج کی 42 طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے ، جبکہ 109 طلبہ کو تقریباً 25 لاکھ روپے کے ہونہار سکالرشپس دئیے گئے۔وزیراعلیٰ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ گمراہ کن باتوں کے بجائے حقائق جانیں اور اپنی قابلیت و کامیابیوں کے ذریعے ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا مقبولیت ہو تو پھر نظر بھی آتی ہے ، عوام خدمت کو ووٹ دیتے ہیں بیانیہ کو نہیں۔ اب لوگ کہیں گے کہ لِلہ جہلم روڈ ہمارا منصوبہ ہے ، آپ کا منصوبہ ہے تو چار سال کی حکومت میں کیوں نہیں بنایا؟ ان کی باتوں کیلئے زبان چلتی ہے ، کام نہیں کرتے ۔ انہوں نے جہلم میں 15 دسمبر کو نواز شریف سکول آف ایمیننس کے آغاز اورجنوری میں دینہ،سوہاوہ اورپنڈدادنخان میں گرین بسیں چلانے کا اعلان بھی کیا ۔دریں اثناوزیراعلیٰ کو گورنمنٹ کمپری ہینسو سکول جہلم میں بچوں نے پنسل سکیچ اور پورٹریٹ پیش کئے ۔ صنعت زار کی طالبہ قدسیہ نے ہاتھ سے بنا سویٹر پیش کیا۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ کا جہلم پہنچنے پر فقید المثال استقبال کیا گیا۔ اولڈ جی ٹی روڈ، جادہ، سول لائنز روڈ، شاندار چوک سمیت ہر گلی محلے میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو دیکھنے کیلئے ہجوم آمڈ آیا۔ جہلم کی سڑکوں پرسجے سجائے گھوڑوں کا گھڑ ڈانس پیش کیا گیا۔ ان کی گاڑی پر کارکنوں نے پھولوں کی بارش کی،گاڑی پھولوں سے ڈھک گئی۔ وزیراعلیٰ دورہ جہلم کے بعد پنڈ دادنخان پہنچیں جہاں سارا شہر ہی استقبال کیلئے امڈ آیا۔وزیراعلیٰ نعروں کا جواب دینے گاڑی سے باہر آگئیں۔ انہوں نے پنڈدادنخان کے مرکزی بازار کی بیوٹیفکیشن کا بھی افتتاح کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments