چشمہ 5 نیو کلیئر پاور پلانٹ قابل فخر سنگ میل ، سستی بجلی کیساتھ ترقی میں اہم کردار ادا کریگا : شہبازشریف
پاکستان کو توانائی کے شعبے میں خودکفیل اور ماحول دوست ملک بنانے کیلئے اپنے وسائل بھرپور استفادہ کرنا ہوگا:وزیراعظم ملکی ترقی کی بنیاد وہ امن و استحکام جسے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں بہادر افواج نے یقینی بنایا:ڈوم کی تنصیب پر خطاب
میانوالی(دنیا نیوز ،نیوز ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف نے چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کے ڈوم کی تنصیب کو قابل فخر سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی اور مشترکہ عزم کی علامت ہے اور پاکستان کو صاف، قابل اعتماد اور سستی بجلی فراہم کرنے کے ساتھ توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط، توانائی کے شعبے میں خودکفیل اور ماحول دوست ملک بنانے کیلئے اپنے وسائل اور انسانی سرمائے سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار میانوالی میں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے پانچویں یونٹ (چشمہ-5) کی ڈوم پلیسمنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے یونٹ سی فائیو (C-5) کے ڈوم کی کامیاب تنصیب کے ساتھ منصوبے کی تعمیر میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ،جبکہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چین کے حکام اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ عہدیداران و نمائندگان بھی موجود تھے ۔وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور کارکنوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی لگن اور محنت سے یہ اہم سنگ میل حاصل ہوا ہے۔
انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ اسی جذبے اور عزم کے ساتھ یہ منصوبہ انشاء اللہ مقررہ وقت سے پہلے فعال بھی ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بظاہر یہ منصوبہ سٹیل اور کنکریٹ کی تعمیرات پر مشتمل ہے لیکن پاکستان کے عوام کیلئے یہ صاف، قابل اعتماد اور سستی بجلی کی فراہمی کی ضمانت ہے ، ایسی بجلی جو درآمدی ایندھن کی قیمتوں میں اضافے سے متاثر نہ ہو ،جس کی پیداوار سورج کی روشنی یا ہوا کی دستیابی سے مشروط نہ ہو، بلکہ رات بھر فیکٹریوں کو رواں رکھے ، ہسپتالوں میں بجلی کی فراہمی یقینی بنائے اور طلبہ کو روشنی میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قوم اپنے حال کو محفوظ بنائے بغیر خوشحال مستقبل تعمیر نہیں کر سکتی، پاکستان کی ترقی کی بنیاد وہ امن اور استحکام ہے جسے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی متحرک قیادت میں بہادر مسلح افواج نے یقینی بنایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پرعزم قیادت میں پوری قوم نے اپنی بہادر مسلح افواج کی جرأت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور غیر متزلزل عزم کا مشاہدہ کیا، یہی عزم ایسا سازگار ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
جس میں پاکستان اپنے معاشی اہداف حاصل کرنے ، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور اعتماد کے ساتھ ترقی کی رفتار تیز کرنے کے قابل ہو رہا ہے ۔وزیراعظم نے ملکی معیشت کی بحالی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے مشترکہ اقدامات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی فعال اور ثابت قدم حمایت کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن اپنے آہنی دوست عوامی جمہوریہ چین کو خراج تحسین پیش کئے بغیر مکمل نہیں ہو سکتا، چشمہ-5 پاکستان میں چین کے تعاون سے تعمیر ہونے والا ساتواں نیوکلیئر پاور یونٹ ہے ، ان میں سے ہر منصوبہ ایسی دوستی کا زندہ ثبوت ہے جو مشکل ترین حالات اور خوشحالی کے ادوار میں بھی کبھی متزلزل نہیں ہوئی۔اس موقع پر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ ملک کی مجموعی نصب شدہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں جوہری توانائی کا حصہ 8.6 فیصد ہے ،چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پلانٹ کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 1200 میگاواٹ ہوگی اور توقع ہے کہ یہ منصوبہ ستمبر 2030 میں بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments