مکہ معاہدہ شراکت داری،کسی ملک کیخلاف نہیں:اسحاق ڈار

 مکہ معاہدہ شراکت داری،کسی ملک کیخلاف نہیں:اسحاق ڈار

امریکا،ایران کے دوبارہ مذاکرات کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے :وزیر خارجہ

اسلام آباد (دنیا نیوز، وقائع نگار، مانیٹرنگ ڈیسک)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مکہ معاہدہ سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ پاکستان کی  شراکت داری کی علامت ہے ، یہ کسی ملک کے خلاف نہیں۔ پاکستان امریکا اور ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا، جبکہ تنازع جموں و کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل خطے میں پائیدار امن کیلئے ناگزیر ہے ۔اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیراہتمام عالمی کانفرنس ‘‘مارگلہ ڈائیلاگ 2026’’ سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون اور کثیرالجہتی سفارتکاری کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ عالمی سکیورٹی نظام شدید دباؤ کا شکار ہے ، بڑی طاقتوں کی کشمکش سے تصادم اور غلط اندازوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے ، جبکہ فوجی طاقت کے استعمال سے سفارتکاری کی گنجائش محدود ہو رہی ہے۔ اقوام متحدہ جیسے عالمی اداروں کو زیادہ مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے ، جبکہ امریکا، سعودی عرب، ترکیہ، جاپان، مصر، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا کے ساتھ تعلقات بھی اہمیت رکھتے ہیں۔

پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کا تحفظ یقینی بناتے ہوئے علاقائی امن اور معاشی خوشحالی کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ خلیج اور بحیرہ احمر میں عدم استحکام عالمی تجارت، توانائی کی فراہمی اور معیشتوں کو متاثر کر سکتا ہے ۔ شدید محاذ آرائی کے دوران بھی رابطے کے راستے کھلے رہنے چاہئیں، کیونکہ سلامتی کا بحران معاشی جھٹکے میں تبدیل ہو کر خوراک اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے ۔اسحاق ڈار نے مسئلہ کشمیر، سندھ طاس معاہدے اور افغانستان سے پیدا ہونے والے سکیورٹی خطرات پر پاکستان کا مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ علاقائی استحکام بین الاقوامی معاہدوں کے احترام اور تنازعات کے پُرامن حل سے وابستہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مئی 2025 میں بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص پاکستان کی خودمختاری کے دفاع کے عزم اور صلاحیت کا مظہر تھا۔ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں کیلئے استعمال نہیں ہونی چاہیے ۔دریں اثنا نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے سابق امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری رابن رافیل نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے تعاون مزید مستحکم بنانے کیلئے مسلسل روابط اور تعمیری سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں جانب سے تھنک ٹینکس اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط اور تبادلوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...