القادر ٹرسٹ کیس : عمران ، بشریٰ بی بی سے وکلا کی آج ایک گھنٹہ ملاقات کرانے کا حکم
بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر192 تک گیا ،برین ہیمرج کا خطرہ،بشریٰ کی آنکھوں کی حالت خراب،15نومبر کو پھر آپریشن کیا جائیگا سرجری کے بعد سیل منتقلی ٹھیک نہیں،سلمان صفدر،دلائل دینگے تو سلمان صفدر ،لطیف کھوسہ ملاقات کرلیں،ایڈووکیٹ جنرل اپیلیں 10روز بعد مقرر کی جائیں،اسلام آباد ہائیکورٹ:عمران کی ہسپتال منتقلی کیلئے سپریم کورٹ میں جلد سماعت کی درخواستیں
اسلام آباد (کورٹ رپورٹر، اپنے نامہ نگار سے ، دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے القادر ٹرسٹ کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ان کے وکلا لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے جیل حکام کو ہدایت کی کہ دونوں وکلا کی آج ایک گھنٹے تک ملاقات کرائی جائے جبکہ اپیلوں کی سماعت 10 روز بعد مقرر کرنے کا حکم بھی دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے 190 ملین پاؤنڈ کے مقدمے میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کی۔ پراسیکیوٹر جنرل نیب سہیل ناصر، پی ٹی آئی کے وکلا حامد خان، لطیف کھوسہ، بیرسٹر سلمان صفدر، علی بخاری، انتظار پنجوتھہ اور دیگر عدالت میں موجود تھے ۔دوران سماعت چیف جسٹس نے بیرسٹر سلمان صفدر سے کہا کہ ملاقات کا حکم قانون کے مطابق دے رہے ہیں، ایسا نہ ہو کہ بعد میں مزید افراد کو ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل جانے کی اجازت دینے کی استدعا کی جائے ۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ انہیں جیل حکام نے اچانک ملاقات کی اطلاع دی تھی، جس پر وہ اڈیالہ جیل پہنچے ۔ ان کے مطابق 11 ماہ بعد بشریٰ بی بی اور سات ماہ بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، جو صرف 20، 20 منٹ کی تھی۔
سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے 32 جبکہ بشریٰ بی بی کے تقریباً اتنے ہی مقدمات مختلف عدالتوں میں زیر التوا ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر 192 تک پہنچ چکا ہے اور انہیں برین ہیمرج کا خطرہ ہے ۔ چھ انجکشن لگ چکے ہیں جبکہ ایک مزید لگنا باقی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کی اپیلوں کی پیروی انہیں کرنی ہے ، اس لیے اپنے مؤکلوں سے واضح ہدایات لینا ضروری ہیں۔وکیل نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کے مطابق ان کی آنکھ میں بہتری آئی ہے ، تاہم بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی حالت انتہائی خراب ہے ۔ یہ مناسب نہیں کہ وہ اپیلوں پر دلائل دیتے رہیں اور ان کی مؤکلہ کی بینائی متاثر ہو جائے ۔ اگر عدالت ضمانت نہیں دے سکتی تو علاج کیلئے چھ ماہ کی ضمانت دی جا سکتی ہے ۔ بشریٰ بی بی نے انہیں بتایا کہ چھ ماہ قبل ان کی سرجری ہوئی تھی اور اب 15 نومبر کو دوبارہ آپریشن کیا جانا ہے ۔ ان کے مطابق چار سے چھ ہفتے کے علاج کیلئے ضمانت دی جائے کیونکہ اڈیالہ جیل میں ان کا مناسب علاج ممکن نہیں۔سلمان صفدر نے کہا کہ ایک خاتون کی سرجری کے بعد اسی روز اسے دوبارہ سیل میں بند کر دینا درست نہیں۔ عدالتیں خواتین کے معاملات کو ہمیشہ اہمیت دیتی رہی ہیں۔ بشریٰ بی بی صحت یاب ہو جائیں تو وہ اپیلوں پر دلائل شروع کر دیں گے۔
ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات ملک نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کا جیل میں علاج جاری ہے اور حکومت اپنی ذمہ داری سے غافل نہیں۔ انہوں نے انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کی تفصیلات بھی عدالت میں جمع کرائیں۔ عمران خان کے وکیل نے استدعا کی کہ جیل حکام سے علاج کی تفصیلات طلب کی جائیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ لطیف کھوسہ صاحب کی ایک گھنٹے تک ملاقات ہو جائے گی۔ ایڈووکیٹ جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر وکلا آئندہ سماعت پر اپیلوں پر دلائل شروع کرنے کی یقین دہانی کرائیں تو دونوں کی ملاقات کروا دی جائے گی۔ عدالت نے لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات کرانے اور اپیلوں کی سماعت 10 روز بعد مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔ بعدازاں ایڈووکیٹ جنرل نے وضاحت کی کہ لطیف کھوسہ ملاقات سے ایک روز قبل اطلاع دے دیں، ملاقات کرا دی جائے گی، تاہم انہیں آئندہ سماعت پر دلائل دینے کو یقینی بنانا ہوگا۔دریں اثنا بانی پی ٹی آئی عمران خان کی شفا ہسپتال منتقلی کے معاملے پر سپریم کورٹ میں جلد سماعت کیلئے دو الگ الگ درخواستیں دائر کر دی گئی ہیں۔ درخواستیں بانی پی ٹی آئی اور ان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان کی جانب سے دائر کی گئیں، جن میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ ان کی سماعت آئندہ ہفتے مقرر کی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments