لیوی کا خاتمہ ، پٹرلیم قیمتوں میں ریلیف ، حکومت سے بنیادی نکات طے پاگئے : جماعت اسلامی

 لیوی کا خاتمہ ، پٹرلیم  قیمتوں میں ریلیف ، حکومت سے بنیادی نکات طے پاگئے : جماعت اسلامی

حتمی فیصلہ وزیراعظم اور حافظ نعیم الرحمن کی آئندہ ملاقات میں ہوگا، حکمران اپنے اخراجات کم کریں:لیاقت بلوچ ریلیف کیلئے آئی ایم ایف سے بات کرنا حکومتی ذمہ داری، حتمی جواب کے بعد آئندہ لائحہ عمل دینگے :میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ، دنیا نیوز، وقائع نگار) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کے دسویں دور میں معاہدے کے بنیادی نکات طے پا گئے ہیں، حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے درمیان ممکنہ ملاقات میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اپنے اخراجات کم کریں اور عوام کو بتدریج مرحلہ وار  ریلیف فراہم کریں۔وزارت خارجہ میں پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر حکومتی ٹیم سے مذاکرات کے بعد جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ مذاکرات کا اہم ترین دور تھا، اس سے قبل نو ادوار ہو چکے ہیں۔ جماعت اسلامی کا مقصد عوام کو ریلیف دلوانا ہے ۔ جس دن محسوس ہوا کہ حکومت سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں، اسی دن بات چیت سے باہر آ جائیں گے ۔ جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم میں فراست شاہ، عنایت اللہ، ضیاء الدین انصاری اور نصراللہ رندھاوا بھی شامل تھے ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ عالمی صورتحال کے باعث تیل کی مصنوعات کی ترسیل میں مسائل ہیں۔ ریلیف کیلئے آئی ایم ایف سے بات کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ جماعت اسلامی نے تجویز دی ہے کہ ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیوں، زرعی شعبے اور ٹریکٹرز کو بھی ریلیف سکیم میں شامل کیا جائے ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری اور واضح ریلیف دیا جائے۔

حکومت نے لیوی کے خاتمے سے متعلق آئندہ لائحہ عمل دینے کی یقین دہانی کرائی ہے ، تاہم اپنی مشکلات سے بھی آگاہ کیا ہے ۔نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت اپنی عیاشیاں اور غیر ترقیاتی اخراجات ختم کرنے کو تیار نہیں، ایف بی آر ٹیکس جمع کرنے میں ناکام ہے اور خسارے کا بوجھ عوام کی جیبوں پر ڈال دیا جاتا ہے ۔ ہم نے مذاکرات کے ذریعے اپنا مؤقف حکومت کے سامنے رکھ دیا ہے ۔ حکومت کے حتمی جواب کے بعد جماعت اسلامی آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرے گی، جس کے بعد فیصلہ ہوگا کہ لانگ مارچ شروع کرنا ہے یا نہیں۔ اگلے بدھ یا جمعرات کو جماعت اسلامی کا اجلاس ہوگا۔قبل ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیرصدارت جماعت اسلامی کے وفد کے ساتھ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے سے متعلق فالو اَپ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں دونوں جانب سے عوامی تحفظات دور کرنے کیلئے مشاورت اور باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے مذاکرات کے مثبت ماحول کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ معاشی چیلنجز کے باوجود حکومت عام آدمی اور متوسط و کم آمدنی والے گھرانوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...