ای سی سی کا قرض منظوری سے انکار ، پاکستان پوسٹ کی ڈیجیٹلائز یشن لٹک گئی
وزارت مواصلات ،آئی ٹی سے رپورٹ طلب، کورین بینک سے قرض منظوری سفارشات کی روشنی میں کرنیکی ہدایت منصوبے کے تحت 18 ماہ میں ملک بھر کے 2761 ڈاکخانوں کو جدید ہارڈویئر، سافٹ ویئر اور تربیت فراہم کی جانی ہے
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)پاکستان پوسٹ آفس کا ڈیجیٹلائزیشن منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے کوریا کے ایگزم بینک سے 20.635 ملین ڈالر (چھ ارب روپے سے زائد)قرض کی منظوری دینے سے انکار کرتے ہوئے منصوبے پر اعتراضات اٹھا دئیے ۔ ای سی سی نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ذریعے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) کی معاونت سے منصوبہ مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔پاکستان پوسٹ نے دو ماہ قبل کورین ایگزم بینک کے ساتھ 20 ملین ڈالر قرض کا معاہدہ کیا تھا۔ ڈیجیٹلائزیشن منصوبے کے تحت 18 ماہ میں ملک بھر کے 2761 ڈاکخانوں کو جدید ہارڈویئر، سافٹ ویئر اور تربیت فراہم کی جانی ہے ۔معاہدے میں قرض کی مدت 40 سال اور رعایتی مدت 10 سال مقرر کی گئی ہے۔
ای سی سی نے وزارت مواصلات اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سے منصوبے کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی ۔ رپورٹ کی بنیاد پر کورین ایگزم بینک سے قرض کی منظوری دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ پاکستان پوسٹ نے رواں مالی سال 2026-27 کے ترقیاتی پروگرام میں حکومت پاکستان کے حصے کے لیے مختص ایک کروڑ روپے کی منظوری کی سمری بھی ای سی سی کو بھجوائی تھی جبکہ وفاقی حکومت نے اسی مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں منصوبے کے لیے 10 ملین روپے مختص کیے ہیں۔پاکستان پوسٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے پی سی ون کی تیاری 2015 میں شروع ہوئی جبکہ 2017 میں منصوبے کی منظوری دی گئی۔ پاکستان پوسٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اطہر منصور اور جنوبی کوریا کی کمپنی بینک ویئر گلوبل کے جیمز لم نے آٹومیشن آف پوسٹ آفسز منصوبے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments