اسلام آباد میں بوند ا باندی ، پہاڑوں پر برفباری ،بابوسر ٹاپ بند
ناران، لولوسر جھیل، گٹی داس میڈوز، جھیل سیف الملوک نے سفید چادراوڑھ لی لاہور دنیا کے آلودہ شہروں میں بدستور سرفہرست،آج گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان
اسلام آباد ، لاہور،ملتان (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک ،خصوصی رپورٹر )اسلام آباد میں ہلکی بوندا باندی کے بعد موسم سرد ہوگیا ،محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، بلوچستان اور وسطی پنجاب میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے ، وادی ناران، لولوسر جھیل، گٹی داس میڈوز، بابوسر ٹاپ اور جھیل سیف الملوک برف کی سفید چادر سے ڈھک گئے ہیں مسلسل برفباری اور موسم کی خرابی کے باعث بابوسر ٹاپ کو آمدورفت کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ،بالاکوٹ اور گردونواح میں بارش جبکہ وادی ناران میں گزشتہ پانچ گھنٹوں سے برفباری جاری ہے ، جس سے علاقے میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ مغربی اور شمالی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے ، جو 12 نومبر کو شدت اختیار کر سکتا ہے اور بالائی علاقوں میں 14 نومبر کی صبح تک برقرار رہنے کی توقع ہے ، ادھر بھارت میں دیوالی کی آتشبازی اور بھارتی پنجاب سے آنے والی آلودہ ہواؤں کے اثرات صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں نظر آنے لگے ، فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا کے بڑے شہروں میں بدستور پہلے نمبر پر برقرار،کئی علاقوں میں شہریوں کو سانس لینے میں دشواری اور آنکھوں میں جلن کا سامنا ہے ۔فضائی آلودگی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق لاہور شہر میں سموگ کی اوسط شرح 303 ریکارڈ کی گئی ، پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے )پنجاب نے لاہور، قصور، سیالکوٹ ، شیخوپورہ سمیت بیشتر اضلاع میں آئندہ دو روز 12 اور 13 نومبر کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کرتے کہا ہے کہ بارش کے ساتھ تیز ہواؤں اور چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments