ہائیکورٹ :ایف بی آرکیخلاف نجی میڈیکل کالجزکی درخواستیں مسترد
ایف بی آرکے تحقیقاتی اختیارات برقرار،پہلے سے اسیسمنٹ زیرالتواہوناضروری نہیں واٹم ڈینٹل کالج کو 3سال میں 1ارب 53 لاکھ سے زائدموصول ، ٹیکس ریٹرنز صفر
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے ایف بی آر کے تحقیقاتی اور قانونی نفاذ کے اختیارات برقرار رکھتے ہوئے واٹم ڈینٹل اور واٹم میڈیکل کالجز کی درخواستیں مسترد کر دیں، عدالت نے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 175 کے تحت کارروائی کے لیے پہلے سے اسیسمنٹ یا آڈٹ کارروائی زیر التوا ہونا ضروری نہیں۔ عدالت نے واٹم ڈینٹل کالج اور واٹم میڈیکل کالج کی جانب سے 11 دسمبر 2024 کو جاری کیے گئے انویسٹی گیشن اور وزٹ کے اجازت ناموں اور ان کے تحت کی گئی کارروائی کو چیلنج کرنے والی درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا، جسٹس راجہ انعام امین منہاس اور جسٹس شاہ رخ ارجمند پر مشتمل ڈویژن بینچ نے درخواستیں مسترد کرتے ہوئے ایف بی آر کے قانونی اختیارات برقرار رکھے۔
وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے کی روشنی میں بھی سیکشن 175 کے نفاذ کے لیے سابقہ کارروائی کی شرط عائد نہیں ہوتی۔ عدالت کے مطابق ایف بی آر کو اس سیکشن کے تحت حاصل تمام اختیارات قانونی طور پر درست ہیں۔ فیصلے میں مزید کہا گیا کہ متعلقہ ڈائریکٹوریٹ کے پاس انکم ٹیکس آرڈیننس کے تحت اسیسمنٹ کے اختیارات نہ ہونے سے اس کے تحقیقاتی اختیارات متاثر نہیں ہوتے ، عدالت نے ایف بی آر حکام کو قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ہدایت بھی کی۔ عدالتی فیصلے کے مطابق واٹم ڈینٹل کالج کو ٹیکس سال 2020 سے 2023 کے دوران بینک اکاؤنٹس میں ایک ارب 53 لاکھ 54 ہزار 81 روپے موصول ہوئے ، تاہم اس عرصے کے دوران ٹیکس ریٹرنز صفر جمع کرائے گئے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments