نئی آٹو پالیسی: الیکٹرک گاڑیوں کو 85 ارب کا ٹیکس ریلیف ، آئی ایم ایف رضا مند: متبادل لیوی کیلئے فنانس بل کی تجویز
آئی ایم ایف کا الیکٹرک گاڑیوں پر ایک فیصد سیلز ٹیکس برقرار رکھنے کی تجویز پر اتفاق ، بڑی گاڑیوں پر نئی لیوی عائد ہوگی 1001 سے 2000 سی سی تک گاڑیوں پر دو فیصد،2001 سی سی اور بڑی گاڑیوں پر 10 فیصد لیوی عائد ہوگی ایکسائز،کسٹم ڈیوٹی میں کمی سے مقامی پٹرول گاڑیاں 10 لاکھ تک سستی ہوسکتیں ، مینوفیکچررز سے مذاکرات کیے جائینگے
اسلام آباد(مدثرعلی رانا)نئی آٹو پالیسی میں ایک ہزار سی سی سے بڑی گاڑیوں پر آٹو موٹیو ڈویلپمنٹ لیوی عائد کرکے 85 ارب روپے کا نیا ٹیکس لگایا جائے گا، ذرائع کے مطابق نئی آٹو پالیسی میں ٹیکس اور لیوی سے متعلق اقدامات پر فنانس بل پارلیمنٹ میں لائے جانے کا امکان ہے ، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر نئی آٹو پالیسی پر آئی ایم ایف کے اعتراضات ختم کرنے میں کامیابی مل گئی، آٹو پالیسی میں 85 ارب روپے کے ٹیکس ریلیف پر آئی ایم ایف کو منالیا گیا ہے ، نئی آٹو پالیسی میں الیکٹرک گاڑیوں کو 85 ارب روپے کا سیلز ٹیکس ریلیف دئیے جانے کا امکان ہے ، آئی ایم ایف نے الیکٹرک گاڑیوں پر سیلز ٹیکس ایک سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے کا مطالبہ کیا تھا جسے متبادل طریقہ کار سے طے کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق نئی آٹو پالیسی میں 50 ہزار ڈالر تک مالیت کی الیکٹرک گاڑی پر سیلز ٹیکس ایک فیصد رکھا جانے کی تجویز ہے ، اس سے زائد مالیت کی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس میں بتدریج اضافہ ہوگا۔الیکٹرک گاڑی پر رعایتی سیلز ٹیکس رکھنے سے 85 ارب روپے کا ٹیکس ریلیف ملے گا، نئی آٹو پالیسی میں 85 ارب روپے کے ٹیکس ریلیف کو لیوی لگا کر متبادل پلان سے حاصل کیا جائے گا، متبادل ذرائع میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی، آٹو موٹیو ڈویلپمنٹ لیوی کے لیے فنانس بل لایا جائے گا۔
نئی آٹو پالیسی میں 1001 سی سی سے 2000 سی سی تک کی گاڑی پر 2 فیصد آٹو موٹیو ڈویلپمنٹ لیوی عائد کی جائے گی، نئی آٹو پالیسی میں 2001 سی سی اور زائد کی گاڑی پر 10 فیصد آٹو موٹیو ڈویلپمنٹ لیوی عائد کی جائے گی، آٹو موٹیو ڈویلپمنٹ لیوی کا نفاذ مقامی اور درآمد ہونے والی تمام پٹرول اور آئی سی ای انجن پر ہوگا، نئی آٹو پالیسی میں پٹرول اور آئی سی ای گاڑیوں پر کاربن لیوی بھی عائد رہے گی، پٹرول، ڈیزل اور آئی سی ای گاڑیوں پر کاربن لیوی سے 25 ارب روپے حاصل ہونے کا امکان ہے ، نئی آٹو پالیسی میں آٹو موٹیو ڈویلپمنٹ لیوی عائد ہونے سے پٹرول، ڈیزل اور آئی سی ای گاڑیوں سے 37 ارب روپے حاصل ہونے کا امکان ہے ، آٹو موٹیو ڈویلپمنٹ لیوی عائد ہونے سے بسوں اور ٹرکوں سے 45 ارب روپے حاصل ہونے کا امکان ہے ، آٹو موٹیو ڈویلپمنٹ لیوی سے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشن کے انفراسٹرکچر کے فروغ پر بھی خرچ کیا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف نے نئی آٹو پالیسی میں گاڑیاں سستی کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ذرائع کے مطابق فیڈرل ایکسائز اور کسٹم ڈیوٹی میں کمی سے پیٹرول گاڑیاں 10 لاکھ روپے تک سستی ہوسکیں گی، مقامی تیار کردہ 658 سی سی تک کی پٹرول گاڑی 3 لاکھ 75 ہزار روپے سستی، 32.2 لاکھ سے کم ہوکر 28.45 لاکھ روپے کی ہوسکتی ہے ۔ مقامی تیار کردہ 998 سی سی تک کی پٹرول گاڑی کی قیمت میں 4 لاکھ 40 ہزار روپے کمی کی گنجائش ہوگی اور مقامی تیار کردہ 998 سی سی تک کی پٹرول گاڑی کی قیمت 42.7 لاکھ سے کم ہوکر 38.3 لاکھ روپے ہوسکتی ہے ۔ اسی طرح مقامی تیار کردہ 1496 سی سی تک کی پٹرول ایس یو وی گاڑی کی قیمت میں 7 لاکھ 40 ہزار روپے کمی کی گنجائش بنے گی، مقامی تیار کردہ 1498 سی سی تک کی پٹرول ایس یو وی گاڑی کی قیمت 2 لاکھ 80 ہزار روپے تک کم ہوسکتی ہے ، مقامی تیار کردہ 1598 سی سی تک کی پٹرول جیپ کی قیمت میں 10 لاکھ روپے تک کی کمی ہوسکتی ہے ۔ ذرائع وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کے لیے مینوفیکچررز سے بات چیت کرکے قیمتوں میں کمی کرائی جائے گی، جس کا فائدہ صارفین کو منتقل کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments