تھانے بکے ہوئے ، گھروں میں بیٹھ کر لین دین :حکومتی ایم این اے
ڈی جی خان میں انصاف نام کی کوئی چیز نہیں،5ہزار کے کام کے 50ہزار مانگ رہے عوام میں حکومت کی کوئی پذیرائی نہیں رہی،فوری نوٹس لیں:محمود قادر لغاری
ڈیرہ غازی خان(مانیٹرنگ ڈیسک)ن لیگی ایم این اے محمود قادر لغاری بھی کرپشن کے خلاف پھٹ پڑے اور کہا تھانے بکے ہوئے ہیں، گھروں میں بیٹھ کر لین دین ہو رہا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔وفاقی وزیر اویس لغاری کے قریبی عزیز اور ن لیگی ایم این اے محمود قادر لغاری نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں سب اچھا نہیں ہے ، خوشامدی تعریفیں کرتے ہیں لیکن زمینی حقائق اس سے مختلف ہیں۔شہر میں ترقیاتی منصوبوں میں بڑے پیمانے پر کرپشن ہورہی ہے ، ڈی پی او ڈی جی خان کے بھائیوں نے کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے ، گھروں میں بیٹھ کر لین دین ہورہا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ تھانے بکے ہوئے ہیں، دو دو اور تین تین ماہ کے لیے تھانے فروخت کیے جارہے ہیں، ہماری تو کسی خراب تھانیدارکو ہٹانے کی بھی حیثیت نہیں، یہ عہدہ امانت ہے ، جس وقت حکم کریں گے دے دوں گا۔انہوں نے کہا ڈی جی خان میں انصاف نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی، جہاں 5 ہزار روپے میں ہونے والے کام کے بدلے 50 ہزار روپے طلب کیے جاتے ہیں۔
ڈیرہ غازی خان میں تاجروں سے گفتگو میں سردار محمود قادر لغاری نے کہا یہاں مہنگائی ہے ، غربت ہے ، بے روزگاری ہے ، بجلی کے بلوں کا عذاب ہے ۔ وزیراعلیٰ کی مہربانی ہے اگر وہ کینسر ہسپتال بنادیں گی، یہ ہمارا بنیادی حق ہے ۔ لوگوں کو سانس لینے دیں، نوجوان بے روزگار ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ناقص تعمیراتی مٹیریل کے استعمال پر کمشنر کو شکایت کی، لیکن کوئی نوٹس نہیں لیا گیا، افسر شاہی کا راج ہے اور منتخب نمائندوں کی کوئی حیثیت نہیں رہی۔محمود قادر لغاری نے مزید کہا کہ عوام کے ٹیکسوں کا کروڑوں روپے ضائع کیا جارہا ہے ، ہسپتالوں میں ادویات دستیاب نہیں، لوگ مر رہے ہیں جبکہ مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے ۔محمود قادر لغاری نے نشاندہی کی کہ عوام کے ٹیکسوں کا کروڑوں روپے ضائع کیا جارہا ہے ، ہسپتالوں میں ادویات کی شدید قلت ہے ، جس سے لوگ تڑپ تڑپ کر مر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ عوام پر مہنگائی، بے روزگاری اور بجلی کے بھاری بلوں کا عذاب مسلط ہے ۔ن لیگی ایم این اے نے اپنی قیادت سے مطالبہ کیا کہ ان معاملات کا فوری نوٹس لیا جائے ، کیونکہ عوام میں حکومت کی کوئی پذیرائی نہیں رہی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments