عمران خان کی رہائی کا واحد راستہ عدالتیں :طارق فضل
اسلام آباد (دنیا نیوز)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ حکومت کے پاس عمران خان کیلئے نہ کوئی ڈیل ہے نہ ڈھیل ،پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا واحد راستہ عدالتیں ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو طبی معائنے کی سہولت حاصل ہے اور حکومت ان کے علاج معالجے کے معاملے میں پہلے بھی غافل نہیں تھی اور آئندہ بھی کوئی غفلت نہیں برتی جائے گی۔وفاقی وزیر پارلیمانی امور کا کہنا تھا کہ سلمان صفدر ایک وکیل ہیں، تاہم وہ میڈیا سے گفتگو کے دوران میڈیکل سپیشلسٹ کا کردار ادا کر رہے تھے ، طارق فضل نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم سے قبل بھی بانی پی ٹی آئی کو چھ مرتبہ ہسپتال لایا جا چکا ، بلڈ پریشر کے معاملے پر ضرورت پڑنے پر لندن سے ڈاکٹر بلایا گیا ان کا علاج ضروری طبی معیار کے مطابق کیا گیا۔ طارق فضل کا کہنا تھا کہ ریاست اور ریاستی ادارے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، تاہم اس جنگ میں تحریک انصاف کا مکمل عدم تعاون رہا ، اُنہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کا معاملہ پی ٹی آئی کی جانب سے خود اپنے خلاف سیاسی خودکش حملہ تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments