ایران کا خوف،امریکی وزیرخزانہ نے فوجی اڈے میں پناہ لے لی

ایران  کا  خوف،امریکی  وزیرخزانہ  نے  فوجی  اڈے  میں  پناہ  لے  لی

دھمکیاں ا سکاٹ بیسنٹ کواپنے مشن سے نہیں روک سکیں گی،ایرانی ناکہ بندی کیلئے پر عزم ہیں :امریکی محکمہ خزانہ ،رہائشگاہ کی شناخت کے بعد سکیورٹی خدشات تھے :برطانوی میڈیا حملہ ہوا تو دنیا بھر میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنائیں گے :ایران کی دھمکی ، آبنائے ہرمز میں تیل ٹینکر بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا،ریاض کی جانب داغے گئے 3 میزائل تباہ

واشنگٹن،تہران ،دبئی،ریاض (رائٹرز،اے ایف پی) امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ ایرانی دھمکیوں کے بعد اپنی جان کو لاحق خطرات کے پیش نظر واشنگٹن میں واقع اپنا گھر چھوڑ کر ایک امریکی فوجی اڈے پر منتقل ہوگئے ہیں۔معاملے سے واقف دو افراد نے بتایا کہ بیسنٹ کو ایران کی جانب سے دھمکیوں کے بعد اضافی تحفظ فراہم کیا گیا اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔یہ پیش رفت ایسے وقت ہوئی ہے جب ٹرمپ انتظامیہ کے ایک اعلیٰ انٹیلی جنس عہدیدار نے گزشتہ ماہ ایک یادداشت میں خبردار کیا تھا کہ امریکی اہلکاروں اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی ایرانی کوششیں انتہائی خطرناک مرحلے میں پہنچ چکی ہیں۔رپورٹ کے مطابق امریکی حکام کو ایران کی جانب سے بیسنٹ کے خلاف ممکنہ کارروائیوں پر بھی تشویش تھی، اگرچہ ان کے خلاف مخصوص دھمکی کی نوعیت اور شدت فوری طور پر واضح نہیں ہوسکی۔اسکاٹ بیسنٹ ایران کے خلاف ٹرمپ انتظامیہ کی معاشی دباؤ کی مہم کے مرکزی کردار ہیں۔

وہ ‘‘آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ’’ نامی امریکی مہم کی قیادت کر رہے ہیں، جس کا مقصد پابندیوں اور معاشی دباؤ کے ذریعے ایران کو دباؤ میں لانا ہے ۔امریکا نے اس مہم کے تحت ایران سے مالی لین دین میں مدد دینے والے اداروں اور بینکوں پر پابندیاں عائد کیں جبکہ ایرانی بندرگاہوں کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی بھی جاری ہے ۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ اس دباؤ کا مقصد تہران کو بحری جہازوں پر حملے روکنے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے پر مجبور کرنا ہے ۔امریکی محکمہ خزانہ کے ترجمان نے کہا کہ ایرانی دھمکیاں اسکاٹ بیسنٹ کو اپنے مشن سے نہیں روک سکیں گی۔وزیر ایرانی حکومت کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوں گے اور آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ اور ناکہ بندی جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔رائٹرز کے مطابق سکیورٹی خدشات اس وقت مزید بڑھ گئے جب وال سٹریٹ جرنل میں بیسنٹ کے واشنگٹن کے علاقے جارج ٹاؤن میں واقع گھر کی فضائی تصویر شائع ہوئی۔ایک ذریعے کے مطابق اس تصویر کی مدد سے ان کی رہائش گاہ کے درست مقام کی نشاندہی ممکن ہوگئی، جس کے بعد ان کی حفاظت کے لیے انہیں فوجی اڈے منتقل کردیا گیا۔ ایران اس سے پہلے امریکی حکام یا امریکی سرزمین پر افراد کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کے الزامات کی تردید کر چکا ہے ۔امریکی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگرچہ ایران کی جانب سے خطرات کے بارے میں تشویش موجود ہے ، تاہم امریکا اور بیرون ملک بڑے پیمانے پر حملے کرنے کی ایران کی صلاحیت کو محدود سمجھا جاتا ہے ۔

ایران کے سکیورٹی چیف محسن رضائی نے دھمکی دی ہے کہ اگر امریکی فوج نے ایران پر حملوں کے لیے مشرق وسطیٰ سے باہر بھی اپنے فوجی اڈے استعمال کیے تو انہیں بھی نشانہ بنایا جائے گا۔ لبنانی ٹی وی چینل المیادین کو انٹرویو دیتے ہوئے محسن رضائی نے کہا کہ اگر امریکی طیارے یورپ یا کسی دور دراز خطے میں واقع امریکی فوجی اڈے سے اڑ کر ایران پر بمباری کریں گے تو ایران ان اڈوں کو بھی نشانہ بنائے گا، محسن رضائی نے کہا ہے کہ ایران اپنی افزودہ یورینیم کا ایک بھی ذرہ بیرونِ ملک منتقل نہیں کرے گا اور خود اسے استعمال کرے گا۔ ایران نے اپنے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات فراہم کرنے پر 2 کروڑ ڈالر انعام کے امریکی اعلان کو قابل مذمت اور افسوسناک قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ سے اس کی مذمت کا مطالبہ کیا ہے ۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، سلامتی کونسل اور عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ کو خط لکھ کر امریکی اقدام کے خلاف واضح موقف اختیار کرنے پر زور دیا۔ امریکی فوج نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ ایران کے جوہری پروگرام کی تنصیبات، آلات اور متعلقہ اہلکاروں کے بارے میں معلومات دینے والوں کو 2 کروڑ ڈالر تک انعام اور ممکنہ طور پر دوسرے مقام پر منتقل ہونے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ایران نے ارجنٹائن کی بحریہ اور فضائیہ کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دے دیا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق یہ اقدام ارجنٹائن کی جانب سے پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے جواب میں کیا گیا ہے ۔

ارجنٹائن نے مارچ میں حزب اللہ کی حمایت کے الزام پر پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔ ایران کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے باعث ایک تیل بردار جہاز میں آگ لگ گئی۔امریکی محکمہ انصاف نے برطانیہ میں امریکی فضائی اڈے آر اے ایف فیئر فورڈ پر مبینہ دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی سمیت امر یکا اور یورپ میں تقریباً 20 حملوں کی کوششوں کے الزام میں تین افراد پر فردِ جرم عائد کردی۔ ملزمان میں ایرانی شہری محسن مہاجری، عراقی شہری محمد علی الحسنی اور دُہری ایرانی و عراقی شہریت رکھنے والے محمد باقر سعد داؤد السعدی شامل ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق ملزمان کا تعلق ایران کی حمایت یافتہ تنظیموں سے ہے ۔ ایران نے فضائی اڈے پر حملے کی سازش میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے ۔سعودی فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے ریاض کی جانب داغے گئے 3 کروز میزائل تباہ کردئیے ۔ اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے ایکس پر بتایا کہ حوثی باغیوں نے ریاض کے علاقے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔امریکا اور ایران کے درمیان جنگ سے خلیجی ممالک کو 200 ارب ڈالر سے زائد کا براہ راست نقصان ہوا ہے جبکہ 2030ء تک مجموعی معاشی خسارہ 790 ارب ڈالر تک پہنچنے کا خدشہ ہے ۔ انشورنس کمپنی الیانز ٹریڈ کی رپورٹ کے مطابق جنگ کے دوران کویت، قطر اور بحرین سمیت مختلف ممالک میں توانائی کی 80 سے زائد تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جن میں ایک تہائی کو شدید نقصان پہنچا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنگ سے سیاحت اور ریئل اسٹیٹ کے شعبے بھی متاثر ہوئے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...