کوہاٹ:سونے کی غیر قانونی کان کنی،پولیس پر حملہ،ڈی ایس پی سمیت10اہلکار شہید:جوابی کارروائی میں 18خوارج ہلاک
دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کا گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے گئی نفری کو تھانہ گمبٹ کی حدو د میں نشانہ بنایا گیا، شدید فائرنگ کا تبادلہ، گاڑیاں بھی جلا دیں ڈی ایس پی حیدر زمان، اسسٹنٹ سب انسپکٹر مختیاربھی شہدا میں شامل،12 زخمی ،ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ،گورنر کا تحقیقات کا حکم
کوہاٹ،اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختونخوا پولیس اور مقامی سول انتظامیہ نے کوہاٹ کے قریب درابوکچ میں غیرقانونی سونے کی مائننگ کرنے والے عناصر کے خلاف آپریشن کیا۔آپریشن مکمل کرنے کے بعد واپس لوٹنے والی پولیس پارٹی پر جرائم پیشہ عناصر کے ایماء پر فتنہ الخوارج نے حملہ کر دیا، پولیس جوانوں نے حملہ آوروں کا جواں مردی سے مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں 18 خوارج ہلاک ہوئے ۔اس دوران بہادری سے لڑتے ہوئے ڈی ایس پی گمبٹ حیدر زمان اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر مختیار سمیت خیبر پختونخوا پولیس کے 10جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ 12 زخمی ہوگئے ۔بتایا گیا کہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کا گٹھ جوڑ توڑنے کے مشن کے تحت غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف کوہاٹ پولیس نے گرینڈ آپریشن کیا، ترجمان پولیس نے کہا کہ کوہاٹ اور کرک کے درمیان تھانہ گمبٹ کی حدود میں دربوکچ جلندھر بانڈہ میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کی گئی، ذرائع نے کہا کہ کوہاٹ پولیس کی گاڑیوں کو بھی جلایا گیا۔
پولیس پر حملے کے بعد ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، پی آر او پولیس نے کہا کہ شہید ہونے والوں میں ڈی ایس پی گمبٹ حیدر زمان، اسسٹنٹ سب انسپکٹر مختیار ،حلیم اکبر،محمد یاسر، عظمت اللہ،شمشاد دین،مدثر خان،شیراز،عدنان،ابراہیم شامل ہیں۔ریسکیو 1122 نے کہا کہ 12 افراد زخمی بھی ہیں۔پولیس اور سکیورٹی فورسز نے حملے کا بھرپور جواب دیتے ہوئے 18 خارجیوں کو ہلاک کر دیا۔ترجمان پولیس کے مطابق بیرونی قوتوں کی ایما پر جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا باہمی گٹھ جوڑ اور پولیس پارٹی پر مشترکہ حملہ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ جرائم پیشہ مافیا اور فتنہ الخوارج آپس میں منظم روابط رکھتے ہیں،خوارج کے سہولت کاروں اور جرائم پیشہ مافیاز کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔شہید ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ایس ٹی سی گراؤنڈ میں ادا کر دی گئی۔نماز جنازہ میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، آئی جی پولیس اور سکیورٹی فورسز کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہدا کی میتیں تدفین کیلئے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پولیس حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی اور کہا کہ دہشت گردوں کی یہ بزدلانہ کارروائی انتہائی قابل مذمت ہے ، پولیس ٹیم پر فائرنگ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments