عمران خان سے جیل میں وکلا کی طویل ملاقات،28ویں ترمیم پر بھی گفتگو:چندروز میں ہسپتال منتقل کرنیکی قیاس آرائیاں
4گھنٹے ملاقات کیوں ہوئی حکام سے پوچھیں، کھوسہ،ملاقات کا دورانیہ غیر معمولی:سلمان صفدر،28ویں ترمیم پرعمران کی رائے سلمان صفدر نے مجھے دیدی:سلمان اکرم عمران خان کا پمز میں معائنہ،آنکھ میں انجکشن، حالت مستحکم :پمز انتظامیہ،بانی کی منتقلی بارے نجی ہسپتال کو آگاہ کر دیا گیا، بہنوں کی رہائی ،بشری کی ہسپتال منتقلی کا بھی امکان
راولپنڈی، اسلام آباد (نیوز رپورٹر، خصوصی نیوز رپورٹر، دنیا نیوز، ایجنسیاں)بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں وکلا سردار لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کی طویل ملاقات ہوئی، جو تقریباً چار گھنٹے جاری رہی۔دوسری طرف عمران خان کو منگل اور بدھ کی درمیانی رات پمز لے جا کر ان کا طبی معائنہ کیا گیا اور آنکھ میں انجکشن لگایا گیا ،بانی پی ٹی آئی کو چند روز میں ہسپتال منتقل کئے جانے کی قیاس آرائیاں بھی کی جارہی ہیں۔عمران خان سے وکلا کی ملاقات میں مقدمات، مختلف درخواستوں پر مشاورت اور 28ویں آئینی ترمیم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمران خان نے وکلا کو قانونی معاملات سے متعلق ہدایات اور پارٹی قیادت کیلئے پیغام بھی دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان سے ایک گھنٹے کی ملاقات کا حکم دیا تھا، تاہم اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں ہونے والی ملاقات تقریباً چار گھنٹے جاری رہی۔ دونوں وکلا گاڑی میں بیٹھ کر جیل کے اندر گئے ۔ ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔ملاقات کے بعد سردار لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے 28ویں آئینی ترمیم پر بھی بات ہوئی، تاہم وہ اس کی تفصیلات نہیں بتائیں گے ۔ ملاقات چار گھنٹے کیوں جاری رہی، یہ جیل حکام سے پوچھا جائے ۔ عدالت نے ملاقات ایک گھنٹے سے کم نہ ہونے کا حکم دیا تھا، زیادہ وقت لگنے پر کوئی پابندی نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات کی تفصیلات تحریری طور پر سامنے لائیں گے ۔بیرسٹر سلمان صفدر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ جیل حکام نے طویل ملاقات کی اجازت دی اور اس کا دورانیہ غیر معمولی تھا۔ اس دوران قانونی اور دیگر معاملات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ عمران خان نے واضح کیا کہ وہ ہائیکورٹ میں القادر ٹرسٹ کیس کی مرکزی اپیلوں میں اپنی اور بشریٰ بی بی کی نمائندگی جاری رکھیں گے ۔دریں اثنا پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے 28ویں آئینی ترمیم پر اپنی رائے دی ہے جو سلمان صفدر نے انہیں پہنچائی۔ یہ آئینی اور قانونی معاملہ ہے ، پارٹی پارلیمانی یا کور کمیٹی کا اجلاس بلا کر تمام تفصیلات سامنے رکھے گی۔دوسری جانب ذرائع کے مطابق آنے والے دنوں میں عمران خان کو نجی ہسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ہے اور اس حوالے سے ہسپتال انتظامیہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے ، تاہم منتقلی کی مدت کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی بہنوں کی رہائی بھی زیرغور ہے اور آئندہ دنوں میں اس حوالے سے پیشرفت متوقع ہے ۔بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے بھی پیشرفت کا امکان ہے اور انہیں چند روز میں ہسپتال منتقل کیا جا سکتا ہے ۔ پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی کی بیرون ملک سے واپسی کے بعد ان کا مکمل طبی معائنہ کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments