ایران امریکا اسلام آباد معاہدہ کے تحت مفاہمت آگے بڑھائیں:شہباز شریف:کاپ31اجلاس میں شرکت،اہم ملاقاتیں

ایران  امریکا  اسلام  آباد  معاہدہ  کے  تحت  مفاہمت  آگے  بڑھائیں:شہباز  شریف:کاپ31اجلاس  میں  شرکت،اہم  ملاقاتیں

پاکستان پائیدار ترقی و موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے عالمی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم:وزیراعظم کانفرنس ہال پہنچنے پر ترک صدر،یواین سیکرٹری جنرل نے استقبال کیا، پزشکیان، شامی صدر، بنگلہ دیشی وزیراعظم و دیگر سے گفتگو

انطالیہ،اسلام آباد (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ایران اور امریکا جون 2026 میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی مفاہمتوں کو آگے بڑھائیں، انہوں نے خطے میں طویل عرصے سے جاری تنازع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دیرپا امن اور استحکام کے حصول کیلئے مذاکرات، تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی روابط جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کوپ 31 کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ دونوں فریقین نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور ابھرتے ہوئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے باقاعدہ مشاورت اور قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر اتفاق کرتے ہوئے علاقائی امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔شہباز شریف کے کوپ 31سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے کانفرنس ہال پہنچنے پر ترک صدر اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پرتپاک استقبال کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان اور خاتون اول امینہ اردوان جبکہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس سے ملاقاتیں کیں۔اس موقع پر عالمی رہنماؤں کا گروپ فوٹو ہوا جبکہ شہباز شریف نے کانفرنس میں شریک عالمی رہنماؤں سے ملاقات کی، ان سے مصافحہ کیا اور خیرسگالی کے جملوں کا تبادلہ کیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر ’’2035 تک گرین انرجی پر منتقلی: مستقبل کو توانائی فراہم کرنا‘‘کے عنوان سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان صاف توانائی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور پائیدار ترقی و موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے ،صاف توانائی کی جانب منتقلی کے وعدے کو اجتماعی عزم اور عملی اقدامات کے ذریعے پورا کرنا ہوگا، ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اپنے وعدے پورے کرنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے بین الاقوامی مالی معاونت میں اضافے اور سستی ٹیکنالوجی تک رسائی کو یقینی بنانا وقت کی ضرورت ہے ۔دریں اثنا وزیر اعظم کی شام کے صدر احمد الشرع اور بنگلہ دیش کے وزیر اعظم طارق رحمان سے بھی الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں، جبکہ سعودی عرب کے وزیر برائے توانائی اور وزیر مملکت برائے خارجہ امور سے بھی ملاقات کی۔شہباز شریف نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اسماعیل اولد شیخ احمد اور فلسطین کے وزیر اعظم محمد مصطفی سے بھی ملاقات کی۔وزیر اعظم نے فلسطینی عوام کے ساتھ حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا، فلسطینی وزیر اعظم نے عالمی سطح پر فلسطینی عوام پر مظالم کے خلاف مؤثر آواز اٹھانے اور فلسطینی مؤقف کی تائید پر حکومت اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف کی ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا سے بھی ملاقات ہوئی، ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، خطے کی صورتحال اور موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی مشکلات عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف اور کویتی ہم منصب احمد عبداللہ الاحمد الصباح کے درمیان بھی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...