معدنی ترقی کے فوائد براہ راست مقامی آبادیوں تک پہنچنے چاہئیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر:پاکستان 2050سے پہلے بڑی عالمی معیشت بنے گا:شہباز شریف
13معاہدوں پر دستخط ،چاغی میں سونے ،تانبے کے 1ارب ٹن ذخائر کا تخمینہ،نیشنل ریسورسز لمیٹڈ کا 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان ، ڈیٹا سنٹر،جیو پورٹل کا افتتاح:منرلز انویسٹمنٹ فورم کا اعلامیہ خام معدنیات بیرون ملک بھیجنے کے بجائے پاکستان میں پراسیس اور تیار کرکے برآمد کرنا ہے :وزیراعظم،کان کنی کے ماحولیاتی نظام کی سکیورٹی کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہے :چیف آف ڈیفنس فورسز
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،نامہ نگار، مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026ء کے دوران پاکستانی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان 13 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز)پر دستخط ہوگئے ،وزیراعظم نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو معدنی وسائل کی تلاش کی دعوت دیتے ہوئے تحفظ کی یقین دہانی کرادی۔ شہباز شریف نے کہا قیمتی معدنی وسائل کو خام شکل میں بیرون ملک بھیجنا بند کرنا ہے ،پاکستان 2050 سے پہلے بڑی عالمی معیشت بنے گا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا معدنی ترقی کے فوائد براہ راست مقامی آبادیوں تک پہنچنے چاہئیں۔جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں منعقدہ دوروزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026ئجمعہ کو ختم ہوگیا۔ اعلامیے میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری، نئی دریافتوں اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ سے متعلق اہم پیش رفت کا اعلان کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق فورم میں 60 سے زائد ممالک کے 10 ہزار سے زیادہ مندوبین نے شرکت کی، جبکہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے دوران 13 اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ۔فورم کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نیشنل منرلز ڈیٹا سنٹر اور جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے جیو پورٹل کا افتتاح کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے معدنی وسائل کی تلاش، معلومات تک رسائی اور سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے میں مدد ملے گی۔اعلامیے کے مطابق ایف ڈبلیو او نے بلوچستان کے ضلع چاغی میں تانبے کے 35 کروڑ ٹن ذخائر کی نشاندہی کی ہے ، جبکہ دشت کین چاغی میں تانبے کے ذخائر سے متعلق ابتدائی ڈرلنگ کے اعداد و شمار کا تجزیہ بھی مکمل کرلیا گیا ہے ۔اسی طرح ماری منرلز نے چاغی میں سونے اور تانبے کے ذخائر کی پہلی دریافت کا اعلان کیا ہے ۔ اعلامیے میں ان ممکنہ ذخائر کا حجم ایک ارب ٹن تک ہونے کا تخمینہ ظاہر کیا گیا ہے ۔نیشنل ریسورسز لمیٹڈ نے بھی پاکستان کے معدنی شعبے میں 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا۔ فورم میں معدنی مراکز کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کے لیے روہڑی، نوکنڈی ریلوے منصوبے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔اعلامیے کے مطابق پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی، جیولوجیکل میپنگ اور ریفائننگ کے عمل کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ عالمی کان کنی کمپنیوں بارک مائننگ، ایوان ہو مائنز اور من میٹلز کے نمائندوں نے بھی فورم میں شرکت کی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔فورم کے دوران معدنیات کی تلاش میں مصنوعی ذہانت کے استعمال، سکیورٹی اور ماحولیاتی معیار سے متعلق خصوصی سیشنز بھی منعقد کیے گئے ۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کا اگلا ایڈیشن نومبر 2027 میں منعقد ہوگا۔فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا بیرک کمپنی کا پاکستان پر اعتماد برقرار رکھنے پر شکر گزار ہوں، گولڈ مین سکس کی پیشگوئی ہے کہ 2075 تک پاکستان دنیا کی چھٹی بڑی معیشت بن سکتا ہے ، ان شا اللہ 2050 سے بھی پہلے پاکستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا، پاکستان صرف خام معدنیات نکال کر بیرون ملک بھیجنے کا خواہاں نہیں بلکہ معدنیات کو نکالنا، پاکستان میں پراسیس اور تیار کرکے برآمد کرنا ہے ، سفر مشکل ضرور ہے لیکن ہم پر عزم ہیں، مساوی اور منصفانہ شراکت داری پاکستان اور سرمایہ کار دونوں کیلئے فائدہ مند ہے ، معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو یکساں مواقع اور پالیسیوں میں تسلسل فراہم کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی توقعات پرپورا اترنے کیلئے طریقہ کار کو آسان بنایا جارہا ہے ، لائسنس اور معاہدوں کے اجرا میں مکمل شفافیت یقینی بنائیں گے ، نیشنل منرل ڈیٹاسنٹر اور ارضیاتی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن سے مستند معلومات فراہم ہوں گی، سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کیلئے ایک ٹیم کے طور پر کام کریں گے ۔چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے ، معدنی ترقی سے مقامی آبادیوں کو فائدہ پہنچنا لازم ہے ، معدنیات سے مالا مال علاقوں کے لوگوں کو اپنی زندگیوں میں ٹھوس بہتری نظر آنی چاہیے ۔
ہمارا مقصد پاکستان کو طویل مدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی منزل بنانا ہے ، کان کنی کے پورے ماحولیاتی نظام کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے ۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے زور دیا کہ کانوں اور کان کنوں، سرمایہ کاری، صنعتوں، منصوبوں اور اس سے وابستہ لوگوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا، پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے ۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا قرار دیا کہ ہمارا مقصد صرف خام مال برآمد کرنا نہیں ہے بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ تک پوری ویلیو چین کو تیار کرنا ہے ، ہم ایسی طویل مدتی شراکت داری پروان چڑھانا چاہتے ہیں جو پاکستان اور اس کے شراکت داروں کیلئے پائیدار معاشی قدر کا باعث بنے ۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ معدنی ترقی سے مقامی آبادیوں کو فائدہ پہنچنا لازم ہے ،معدنیات سے مالا مال علاقوں کے لوگوں کو اپنی زندگیوں میں ٹھوس بہتری نظر آنی چاہیے ، پاکستان کے لوگ محنتی، دلیر اور پرعزم ہیں جن میں خوابوں کو تعبیر میں بدلنے کی زبردست صلاحیت موجود ہے ، ہمارے وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں جبکہ نتائج کے حصول کیلئے ہمارے لوگ طاقت اور عزم کا سر چشمہ ہیں۔چیف آف ڈیفنس فورسز نے زور دیا کہ ہمیں صلاحیت سے پیداوار کی طرف، وعدوں سے عمل کی طرف اور خام برآمدات سے ویلیو ایڈڈ گروتھ کی طرف بڑھنا ہوگا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے تقریر کے آخر میں پاکستان ہمیشہ زندہ بادکا نعرہ بھی بلند کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments