ایران پر حملے کیلئے کوششیں،موساد سربراہ کی واشنگٹن میں ملاقاتیں،ٹرمپ جنگ کی بجائے معاشی دباؤ کے حامی
گوفمین ڈائریکٹر سی آئی جان ریٹکلف سے ملے ، اسٹیو وٹکوف سے ملاقات متوقع، نیتن یاہو ایران پر حملہ شروع یا اسرائیل پر جوابی حملے کیلئے اکسانے کی کوشش کر سکتے ہیں:امریکی اخبار ٹرمپ کا سعودیہ، قطر ،امارات سمیت خلیجی ممالک کیساتھ ملکر ایران کی بندرگاہی ناکہ بندی جاری رکھنے کا فیصلہ، موساد، سی آئی اے ،وائٹ ہاؤس کے دورے ، ملاقاتوں پر تبصرے سے انکار
واشنگٹن (نیوز ایجنسیاں ) ایران کے خلاف جنگ دوبارہ شروع کرنے کیلئے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قائل کرنے کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں، جبکہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ رومن گوفمین اہم ملاقاتوں کیلئے واشنگٹن پہنچ گئے ہیں، ان کی امریکی انٹیلی جنس اور ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں کو ایران کے خلاف آئندہ حکمت عملی کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے ۔امریکی خبر رساں ادارے ایکسیوس کی رپورٹ کے مطابق موساد کے سربراہ رومن گوفمین جمعہ کو واشنگٹن میں موجود تھے جہاں انہوں نے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف سے ملاقات کی۔ معاملے سے واقف تین ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گوفمین کی میامی جا کر وائٹ ہاؤس کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف سے بھی ملاقات متوقع تھی۔یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب نیتن یاہو ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی شروع کرنے کیلئے ٹرمپ پر زور دے رہے ہیں، لیکن امریکی صدر فی الحال اس تجویز سے اتفاق نہیں کر رہے ۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم کے دباؤ کے باوجود فی الحال ایران کے خلاف دوبارہ جنگ شروع کرنے سے گریز کیا ہے ۔ اس کے بجائے انہوں نے سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک کے ساتھ مل کر ایران پر معاشی دباؤ اور اس کی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ، تاکہ دیکھا جا سکے کہ آیا کسی معاہدے تک پہنچنا ممکن ہے یا نہیں۔انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب نے ان سے درخواست کی ہے کہ موجودہ صورت حال کو کچھ عرصہ برقرار رہنے دیا جائے ، کیونکہ ایران کمزور ہو رہا ہے ۔ قطر، کویت، متحدہ عرب امارات اور بحرین بھی فی الحال انتظار کرنے کی پالیسی کے حق میں ہیں۔رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی اپوزیشن کے بعض رہنماؤں کو خدشہ ہے کہ نیتن یاہو ایران پر حملہ شروع کرنے یا ایران کو اسرائیل پر جوابی حملے کیلئے اکسانے کی کوشش کر سکتے ہیں، تاکہ نئی حکومت بنانے کیلئے آئزن کوٹ کی کوششوں کو نقصان پہنچایا جا سکے ۔
یہ خدشات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب نیتن یاہو نے جمعرات کو آئزن کوٹ سے دو گھنٹے طویل ملاقات کی اور انہیں ایران کی صورت حال پر بریفنگ دی۔آئزن کوٹ کے قریبی ایک ذریعے نے بتایا کہ ان کے خیال میں موجودہ حالات ایران کے خلاف فوری فوجی کارروائی کا تقاضا نہیں کرتے ۔آئزن کوٹ نے جمعہ کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے اسی ہفتے نیتن یاہو اور ان کے فوجی سیکرٹری سے ملاقات کی تھی اور واضح کر دیا تھا کہ حکومت کی تبدیلی کے دوران وزیراعظم کے اقدامات کی نگرانی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی سلامتی ہر دوسرے معاملے سے زیادہ اہم ہے اور اسے کبھی سیاسی مفادات حاصل کرنے کیلئے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام سرکاری عہدیداروں سے بھی اسی طرز عمل کی توقع رکھتے ہیں۔موساد کے سربراہ رومن گوفمین نیتن یاہو کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کا ایسے وقت میں واشنگٹن پہنچنا جب اسرائیلی وزیراعظم ایران کے خلاف دوبارہ جنگ کیلئے امریکی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس معاملے کی اہمیت بڑھا دیتا ہے ۔تاہم موساد، سی آئی اے اور وائٹ ہاؤس نے گوفمین کے دورے اور ملاقاتوں پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے ۔رپورٹ میں یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ ان ملاقاتوں میں ایران کے خلاف کسی نئے حملے کا حتمی منصوبہ زیر بحث آیا یا نہیں، یا امریکا اور اسرائیل کے درمیان اختلافات دور کرنے کیلئے کیا تجاویز پیش کی گئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments