بلوچستان، خیبر پختونخوا میں فورسز کے آپریشن، 24 دہشتگرد ہلاک، میجر سمیت 4 جوان شہید

بلوچستان، خیبر پختونخوا میں فورسز کے آپریشن، 24 دہشتگرد ہلاک، میجر سمیت 4 جوان شہید

کولپور میں خودکش بمبار سمیت فتنہ الہندوستان کے 8دہشتگرد مارے گئے ، گشت پر مامور گاڑیوں پر کواڈکاپٹر ڈرونز سے حملہ ، میجر عمر منہاس ،حوالدار عدنان نے شہادت پائی شمالی وزیرستان میں 16خوارج کی ہلاکت، جھڑپوں میں حوالدار عصمت علی، نائیک آفتاب علی شہید ، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی:صدر ، وزیراعظم

اسلام آباد(خصوصی نیوزرپورٹر) بلوچستان  اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں فتنہ الہندوستان و خوارج کے 24 دہشتگرد ہلاک کردئیے گئے جبکہ بہادری سے لڑتے ہوئے میجر سمیت 4 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق بلوچستان میں 13 نومبر سے سکیورٹی فورسز کولپور، کردگاپ اور نوشکی کے گردونواح میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، علاقے کی نگرانی اور گشت جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این 40 کو مقامی ٹریفک کیلئے محفوظ بنایا اور جاری آپریشنز کو موثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔ 13 اور 14 نومبر کی درمیانی شب کولپور کے علاقے میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا۔

ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 14 نومبر کو فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے مسلح کواڈ کاپٹر ڈرونز کے ذریعے گشت پر مامور فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ اس حملے میں چکوال کے رہائشی میجر عمر منہاس ناصر اور کوٹلی ستیاں کے رہائشی حوالدار محمد عدنان خان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے ۔دریں اثنا خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقوں میر علی، دتہ خیل اور گردونواح میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کی گئیں۔ گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق علی خیل میں 12 خوارج مارے گئے جن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 2 افغان شہری بھی شامل ہیں، جبکہ میر علی اور دتہ خیل میں 2، 2 خوارج ہلاک ہوئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ان جھڑپوں میں صوابی کے رہائشی 43 سالہ حوالدار عصمت علی اور مردان کے رہائشی 32 سالہ نائیک آفتاب علی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، ہلاک دہشت گرد معصوم شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے ۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی سکیورٹی فورسز کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکی، علاقے میں آپریشنز کی رفتار برقرار رکھی جائے گی اور مقامی آبادی کے تحفظ اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سکیورٹی فورسز کے عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...