خوشحال دیہات پروگرام کیلئے 23 ارب منظور : ہر گلی پکی، ہر گائوں میں سیوریج نظام بنے گا : مریم نواز
ہر گاؤں کی ڈویلپمنٹ کیلئے 5کروڑ کی منظوری، سیاسی وابستگی آڑے نہیں آنے دینگے :وزیراعلیٰ اجتماعی کوششوں سے ذیابیطس کے مرض پر قابوپایا جا سکتا،صحت کا حق ہر دروازے تک پہنچا رہے :پیغام
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ خوشحال دیہات پروگرام کے تحت ہر گلی پکی اورہر گاؤں میں سیوریج کا باقاعدہ نظام بنے گا،ہر گاؤں میں ڈویلپمنٹ کیلئے پانچ کروڑ دینے کی اصولی منظوری دیدی۔ خوشحال دیہات کمیٹی کے ذریعے دیہات کے ترقیاتی پراجیکٹس کی تکمیل پراتفاق کیاگیا۔خوشحال دیہات پروگرام کے پہلے فیز میں 475 گاؤں میں ڈویلپمنٹ ہوگی، خوشحال دیہات کمیٹی کی سربراہی متعلقہ اے ڈی سی سوشل سروسزکے سپرد کر دی گئی،خوشحال دیہات کمیٹی میں 5 سرکاری اور 4 پرائیویٹ ممبر شامل ہوں گے ، چیئرمین یونین کونسل اور متعلقہ سب انجینئرکو بھی خوشحال دیہات کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے ۔خوشحال دیہات پروگرام کیلئے 23 ارب 85 کروڑ روپے کی منظوری بھی دیدی گئی، نومبر تک خوشحال دیہات کمیٹی کو گرانٹ کی پہلی قسط جاری کرنے کی ہدایت کردی۔
مریم نواز نے دوسرے فیز میں 2 ہزار دیہات کا ڈویلپمنٹ پلان بھی طلب کر لیاہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب کے ہر گاؤں میں پکی گلیاں اور سیوریج کامنظم نظام میرا عزم ہے ۔شہرہوں یا دیہات، اب پنجاب میں ہر جگہ ترقی یکساں ہوگی، ترقی کے سفر میں سب شامل ہیں، سیاسی وابستگی آڑے نہیں آنے دیں گے ۔ڈویلپمنٹ پروگرام اور مسائل کا حل پنجاب کے ہرعلاقے کا حق ہے ۔دریں اثنا مریم نواز شریف نے ذیابیطس کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ذیابیطس خاموش دشمن ہے ،احتیاط، آگاہی اور نظم زندگی سے قابو میں آ سکتا ہے ۔پاکستان میں ذیابیطس کے مرض کی بڑھتی ہوئی شرح اس بیماری سے نمٹنے کی مزیدموثر جنگی کاوشوں کی متقاضی ہے۔
انہوں نے کہاکہ صحت عوام کا بنیادی حق ہے اور حکومت پنجاب یہ حق ہر دروازے تک پہنچا رہی ہے ۔تاریخ میں پہلی بار ٹائپ ون شوگر کے مریض بچوں کو انسولین کٹس دہلیز تک پہنچائی جارہی ہیں۔ذیابیطس سمیت دیگر امراض کے لاکھوں میڈیسن باکس مریضوں کے گھروں میں پہنچائے جارہے ہیں۔اچھے شہری ہونے کے ناطے سب اپنی صحت کے محافظ بنیں،مناسب طرز زندگی اپنائیں۔ مریم نواز نے کہاکہ متوازن غذا،باقاعدہ ورزش اور بلڈ شوگر کا تسلسل سے معائنہ ہی ذیابیطس سے تحفظ کی کنجی ہے ۔ذیابیطس مرض کا تیزی سے پھیلاؤ ایک قابل فکر امر ہے ،اجتماعی کوششوں سے ذیابیطس کے مرض پر قابوپایا جا سکتاہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments