پختونخوا میں بدعنوانی ، پی ٹی آ ئی کے متعدد افراد کو نیب کے نوٹسز
اسد قیصر انکوائری میں 10افراد کے نام پر رجسٹرڈ پارٹنرشپ فرمز کی تفصیلات طلب نیب نے ڈاکٹر امجد علی کیخلاف انکوائری میں 9افراد کو بطور گواہ نوٹسز جاری کردئیے
پشاور(آئی این پی )نیب نے خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی قیادت سے متعلق بدعنوانی اور آمدن سے زائد اثاثوں کی دو الگ الگ انکوائریوں میں 13 نومبر کو متعدد نوٹسز جاری کردئیے ۔اسد قیصر سے متعلق انکوائری میں نیب نے 10 افراد کے نام پر رجسٹرڈ پارٹنرشپ فرمز، کاروباری شراکت داریوں، پارٹنرشپ ڈیڈز، کاروباری پتوں اور رجسٹریشن ریکارڈ کی تفصیلات طلب کر لیں ۔ سابق معاون خصوصی وزیراعلیٰ پختونخوا ڈاکٹر امجد علی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور بدعنوانی کی انکوائری میں نیب نے 9 افراد کو بطور گواہ نوٹسز جاری کیے ہیں۔ ان میں اسلام آباد کی ایٹین سوسائٹی میں واقع جائیداد نمبر CLG-003 کی خریداری سے متعلق پانچ افراد کو 19 نومبر کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
اس جائیداد کی خریداری کے لیے عمران علی نے 15 لاکھ، کامران علی نے 49 لاکھ، کاشف علی نے ایک کروڑ، وقار علی نے 60 لاکھ اور ضیا الرحمن نے 20 لاکھ روپے ادا کیے ۔ مجموعی طور پر 2 کروڑ 44 لاکھ روپے کی ادائیگیوں کے مالی ذرائع کی تحقیقات ہورہی ہیں ۔ڈاکٹر امجد کیس میں نیب نے محمد طارق کو بھی 17 نومبر کو بطور گواہ پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا اور چار کمپنیوں کے مکمل بینک اکاؤنٹس اور سٹیٹمنٹس طلب کی ہیں۔ ان کمپنیوں میں پائنیرز ریذ یڈینشیا ، ، پائنیرز ٹاؤن ، عربیہ پائنیرز کرینز ٹریڈنگ اینڈ ٹرانسپورٹ اور پائنیرز کنسٹرکشن اینڈ ریئل اسٹیٹ کنسلٹنٹس پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments