ایس سی او اجلاس، مصدق ملک بھارت جائیں گے

ایس سی او اجلاس، مصدق ملک بھارت جائیں گے

مئی 2025 کی پاک بھارت جنگ کے بعد یہ کسی پاکستانی وزیر کا پہلا دورہ

 اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی)پاکستان نے بھارت میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کر لیا ،ایس سی او سولائیشنل ڈائیلاگ فورم  اجلاس رواں ماہ 20 تا 22 نومبر تک بھارت کے شہر نئی دہلی میں ہو رہا جس میں وفاقی وزیر مصدق ملک پاکستان کی نمائندگی کرینگے ،پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مئی 2025 کی جنگ کے بعد یہ کسی پاکستانی وزیر کا انڈیا کا پہلا دورہ ہوگا ، آخری بار پاکستان سے وزارتی وفد 2023 میں اس وقت کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی سربراہی میں ہندوستان گیا تھا، جاری بیان میں ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر نے بتایا کہ پاکستان ایس سی او کے سولائیشنل ڈائیلاگ فورم میں شرکت کرے گا اور حکومتِ نے اس کیلئے وفاقی وزیر مصدق ملک کو نامزد کر دیا۔

ترجمان نے مزید کہا ہے کہ تقریب میں ایس سی او کے رکن ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے اور تہذیبی مکالمے اور ثقافتی ہم آہنگی سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا ، پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تعلقات تو کافی عر صہ سے تنزلی کا شکار ہیں، تاہم مختلف کثیرالجہتی فورمز پر دونوں ممالک کے وفود کے دوروں کا تبادلہ کسی نہ کسی حد تک ہوتا رہتا ہے ۔ جیسے سال 2024 میں بھارت کے وزیر خارجہ جے شنکر نے اسلام آباد میں ہونے والے ایس سی او اجلاس میں شرکت کی تھی ،نئی دہلی اجلاس میں شرکت کے فیصلے پر پاکستان کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک کے طور پر تمام کثیرالجہتی اور سفارتی سرگرمیوں میں اپنا مسلسل کردار ادا کرتا آ رہا ہے اور آگے بھی عالمی سطح پر اور مختلف فورمز پر اپنا کردار ادا کرے گا ، پاکستان بطور ریاست کبھی بھی کثیرالجہتی فورمز کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنا ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...