پاکستان میں بے پناہ معدنی وسائل، نشاندہی کیلئے سروے ٹیمیں ملکر کام کررہیں:برطانوی ہائی کمشنر
بڑی برطانوی کمپنیاں اس شعبے میں موجود جو ریکوڈک منصوبے کی سپلائی چین میں بیرک گولڈ کے ساتھ منسلک ہیں دونوں ممالک کی تخلیقی صلاحیتوں کو یکجا کرکے ٹھوس نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں :جین میریٹ کا روزنامہ دنیا کو انٹرویو
اسلام آباد(عدیل وڑائچ)پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے روز نامہ دنیا کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بے پناہ امکانات ہیں برطانوی جیولوجیکل سروے اور جیو سائنسز ٹیمیں پاکستان کی سروے ٹیم کے ساتھ ملکر کام کر رہی ہیں تاکہ معدنی وسائل کی نشاندہی اور انکی نقشہ سازی کی جا سکے کیونکہ کسی بھی منصوبے پر کام شروع کرنے سے پہلے یہ جاننا ضروری ہوتا ہے کہ اہم معدنیات کہاں موجود ہیں اور انہیں نکالنا کتنا مشکل یا آسان ہے ، اس حوالے سے ضروری تحقیق اور ابتدائی کام جاری ہے تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ پاکستان کے پاس کون سے معدنی وسائل موجود ہیں اور انہیں کس طرح بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویئر گروپ جیسی بڑی برطانوی کمپنیاں بھی اس شعبے میں موجود ہیں جو ریکوڈک منصوبے کی سپلائی چین میں بیرک گولڈ کے ساتھ منسلک ہیں ، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معدنیات کے شعبے سے متعلق تیسری کانفرنس منعقد ہوئی جس میں انہوں نے بھی شرکت کی اور ہر مرتبہ اس کانفرنس کو پہلے سے زیادہ ترقی کرتے اور کامیابی کی جانب بڑھتے دیکھا ہے ، اب پاکستان منرلز انوسٹمنٹ سمٹ ایک عالمی سطح کی سرگرمی بن چکی ہے جین میریٹ نے کہا کہ بر طانیہ پہلے ہی پاکستان میں سب سے بڑے سرمایہ کاروں میں سے ایک ہے ، پاکستان میں برطانیہ کی 200 سے زائد کمپنیاں کام کر رہی ہیں، ہماری پانچ بڑی کمپنیاں مجموعی طور پر پاکستان کی جی ڈی پی میں تقریباً ایک فیصد حصہ ڈالتی ہیں۔
تاہم جس شعبے کے حوالے سے ہم زیادہ پرجوش ہیں وہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے ہیں ، انہوں نے کہا کہ توجہ اس بات پر ہے کہ برطانیہ میں ہونے والی جدت اور اختراع کو پاکستان میں موجود جدت کے ساتھ جوڑا جائے ، اس سطح پر دونوں ممالک کے کاروباری ادارے مل کر کام کریں اور پھر اس شراکت داری کو مزید وسعت دے کر بڑے مواقع میں تبدیل کریں، جین میریٹ نے کہا کہ آئندہ چند ہفتوں میں برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی مذاکرات بھی ہونے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ لندن میں سرمایہ کاری سے متعلق ایک اجلاس بھی ہو گا جس کا اہتمام پاکستانی ہائی کمیشن کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک موسم خزاں برطانیہ اور پاکستان کے درمیان ترقی، کاروباری مواقع اور باہمی تعاون کے فروغ کا موسم ثابت ہونے جا رہا ہے ، جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ دونوں میں تخلیقی صلاحیتوں کی کمی نہیں، ہماری کوشش ہے کہ دونوں ممالک کی ان صلاحیتوں کو یکجا کرکے ایسے عملی اور ٹھوس نتائج حاصل کئے جائیں جن سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments