صوبوں پر جلد اتفاق ، نیا سال ، نیا نظام : نئے انتظامی یونٹس منصوبے پر خاصی پیشرفت ہوچکی : خواجہ آصف، اسلام آباد مثالی یونٹ بنانے کی تیاری ، مری ، ہری پور کو شامل کرنے پر غور
رواں سال کے آخر تک نئے نظام کی شکل سامنے آ جائے گی ، کسی کوچھوٹی موٹی سپیس دینی پڑی تو وہ بھی دے دی جائے گی:خواجہ آصف ،دسمبر اہم، ریفرنڈم ہوگا:مصطفی کمال اسلام آباد یونٹ کووفاقی حکومت کے ماتحت رکھنے کا فیصلہ،منتخب ارکان کی تعداد 25 سے 30 رکھنے کی تجویز ، سربراہ میئر ہوگا، ماہرین جلد اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کریں گے
لاہور ،کراچی(دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک،سٹاف رپورٹر)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ نئے صوبوں پر بہت جلد سیاسی اتفاق رائے ہوجائے گا،نئے سال میں نیا نظام دیکھنے کو ملے گا ،نجی ٹی وی چینل میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس کے منصوبے پر خاصی پیش رفت ہوچکی ،کسی کوچھوٹی موٹی سپیس دینی پڑی تو وہ بھی دے دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ تعاون کرنے پر پی ٹی آئی مین سٹریم سیاست میں واپس آسکتی ہے ، چند ہفتوں میں سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاقِ رائے پیدا ہونے کے بعد نیا سال شروع ہونے سے قبل اس منصوبے کی کوئی نہ کوئی شکل سامنے آ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبے کسی کیلئے خطرہ نہیں ہیں، تمام صوبوں کو آن بورڈ لیا جارہا ہے اور جلد ہی کوئی حل نکل آئے گا۔وزیرِ دفاع نے نئے صوبوں کے معاملے پر پیپلزپارٹی کے تحفظات دور ہونے کی امید ظاہر کرتے ہوئے تحریک انصاف کو بھی اس معاملے پر اتفاق کرنے کی پیشکش کی ۔نئے صوبوں کے قیام پر پیپلزپارٹی کے تحفظات سے متعلق سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ تمام صوبوں کو اعتماد میں لیا جارہا ہے ، میرے خیال میں ایک دو ہفتوں کے دوران تمام خدشات اتفاق رائے میں تبدیل ہوجائیں گے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر اس سلسلے میں چھوٹی موٹی کوئی سپیس دینی پڑی تو وہ بھی دے دی جائے گی۔انہوں نے تحریک انصاف کو بھی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ اگر پی ٹی آئی اس معاملے پر اتفاق کرے گی تو اس کے لیے بھی بہت سے مواقع پیدا ہوں گے اور وہ مین سٹریم سیاست میں بھی واپس آسکتی ہے ۔خواجہ آصف نے کہا کہ ایک شخص کو محور بنا کر ہر چیز داؤ پر لگا دی جائے تو اسے سیاست نہیں کہا جاسکتا۔عمران خان کے لیے بڑا ہی مناسب موقع ہے ، یہ وہی موقع ہے جو ہمیں جنرل باوجوہ کی ایکسٹینشن کے وقت ملا تھا،ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ رواں سال کے آخر تک اس نئے نظام کی کوئی نہ کوئی شکل سامنے آ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ‘میری ذاتی رائے ہے کہ نئے سال میں یہ نیا نظام دیکھنے کو ملے گا ۔دریں اثنا کراچی میں ڈسٹرکٹ سنٹرل کے ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم ہوگا اور دسمبر کا مہینہ اہم ترین ہے ، ریاستی ترجیحات اور عوام کے بنیادی مسائل ایک ہی پیج پر آ چکے ہیں۔
اسلام آباد( یاسرملک )وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو مثالی انتظامی یونٹ بنانے کی تیاری ،آئینی و قانونی اور انتظامی ماہرین جلد اپنی سفارشات وزیراعظم کو پیش کریں گے ۔خیبرپختونخوا اور پنجاب کے بعض علاقوں کواسلام آباد میں شامل کرنے پر غور کیا جارہا۔ ہری پور، راولپنڈی اور مری کے علاقوں کو اسلام آباد میں شامل کرنے کی تجویز ہے ،وزیراعظم کی منظوری کے بعد منصوبہ پر مزید پیش رفت ہو گی، مجوزہ نئے انتظامی ماڈل پر وزیراعظم ہاؤس اوروزرات داخلہ کے تحفظات دور کرنے کیلئے نئے انتظامی سیٹ اپ کو وفاقی حکومت کے ماتحت ہی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، اسلام آباد میں نئے انتظامی سیٹ اپ کا سربراہ میئر ہوگا، انتظامی یونٹ کی مجوزہ اسمبلی کے منتخب ارکان کی تعداد25 سے 30 رکھنے کی تجویز ہے ۔،میئرکا انتخابات اسمبلی کرے گی ، مجوزہ پلان کے تحت اسلام آباد کی جغرافیائی حدود میں توسیع ہوگی۔ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے بعض علاقوں کواسلام آباد میں شامل کرنے کی تجویز زیرِغور ہے ۔ ہری پور، راولپنڈی اور مری کے علاقوں کو اسلام آباد میں شامل کرنے کی تجویز ہے ۔حکومتی ذرائع کے مطابق گوادر یا دیگر بندرگاہوں کو اسلام آباد کے انتظامی ڈھانچے میں شامل کرنے کا منصوبہ ترک کردیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments