حرمین شریفین کا تحفظ ایمان کا حصہ ، سعودی عرب ہماری ریڈلائن : اہلحدیث کانفرنس

 حرمین شریفین کا تحفظ ایمان کا حصہ ، سعودی عرب ہماری ریڈلائن : اہلحدیث کانفرنس

سیاسی و معاشی استحکام کیلئے قومی مکالمے کی ضرورت:حافظ عبدالکریم، ترکیہ معاہدے میں پاکستان کااہم کردار:سردار یوسف ملکی استحکام ہماری اولین ترجیح :ملک احمد خان ،راناثنااللہ ودیگر کاخطاب، حوثی باغیوں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت

لاہور (سیاسی نمائندہ)مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے زیر اہتمام مینار پاکستان گراؤنڈ لاہور میں آل پاکستان تحفظ حرمین شریفین و استحکام پاکستان کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر سے علمائے کرام،  دینی و سیاسی رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس سے امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث مولانا عبدالرشید حجازی، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں ،سینئر نائب امیر مولانا علی محمد ابو تراب اور ایڈیشنل ناظم اعلیٰ سید سبطین شاہ نقوی سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔کانفرنس سے خطاب کرتے حافظ عبدالکریم نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ اور سعودی عرب کا دفاع پوری امت مسلمہ کا مشترکہ فریضہ ہے ۔ سعودی عرب مسلمانوں کے لیے ریڈ لائن ہے اور حرمین شریفین کی سلامتی و تقدس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا سعودی عرب کے دفاع اور سلامتی کے حوالے سے دوٹوک مو قف پوری پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے۔سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور پاکستانی قوم بھی سعودی عرب کی سلامتی اور استحکام کو اپنا مسئلہ سمجھتی ہے۔ حرمین شریفین کی حرمت اور تقدس کا تحفظ پوری امت مسلمہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور پاکستان کو اس حوالے سے اپنا تاریخی کردار ادا کرتے رہنا چاہیے ۔سردار محمد یوسف نے کہا کہ حرمین شریفین ہماری ریڈ لائن ہیں۔پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان معاہدے میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے اہم کردار ادا کیا۔ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان مولانا عبدالرشید حجازی نے کہا کہ پاکستان کا استحکام، سلامتی اور اسلامی تشخص ہماری اولین ترجیح ہے ۔ سینئر نائب امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان مولانا علی محمد ابو تراب نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نکالنے کے لیے قومی اتحاد، دینی شعور اور مضبوط معاشی و سیاسی نظام ناگزیر ہے۔

ایڈیشنل ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سید سبطین شاہ نقوی نے کہا کہ مینار پاکستان پر عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد مرکزی جمعیت اہلحدیث کی منظم جدوجہد اور کارکنان کے بھرپور تعاون کا نتیجہ ہے ۔کانفرنس سے ڈاکٹر عبدالغفور راشد ،معتصم الٰہی ظہیر ،قاری صہیب احمد میر محمدی ،سید عتیق الرحمن شاہ ، حافظ سلمان اعظم ،حافظ یونس آزاد، فیصل افضل شیخ اور ڈاکٹر حماد لکھوی نے بھی خطاب کیا، کانفرنس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حرمین شریفین کے تحفظ، پاکستان کی سلامتی و استحکام، قومی اتحاد، اسلامی اقدار کے فروغ اور آئین پاکستان کی اسلامی دفعات پر عمل درآمد کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان کا استحکام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، تقریب میں مشیر وزیر اعظم رانا ثنا اللہ نے بھی خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...