ایکسپورٹ پالیسی کے ثمرات 4 ماہ میں برآمدات بڑھ کر 11.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

  ایکسپورٹ پالیسی کے ثمرات  4 ماہ میں برآمدات بڑھ کر  11.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں

اسلام آباد (دنیا نیوز )وزیراعظم کی صنعت کاروں اور ایکسپورٹرز سے مسلسل ملاقاتیں، بجٹ میں خصوصی اقدامات اور وزارتِ خزانہ کی مشترکہ کاوشیں رنگ لانے لگیں، گزشتہ سال کے پہلے چار ماہ میں 10.4 ارب ڈالر کی برآمدات رواں سال بڑھ کر 11.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔۔۔

 وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ملکی برآمدات میں اضافے ، صنعتی ترقی اور معیشت کو برآمدات پر مبنی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے  کے لئے کی جانے والی مسلسل کوششوں کے ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ مالی سال 2026-27 کے ابتدائی چار ماہ کے دوران پاکستان کی اشیا کی برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں، جن میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 8.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (PBS) کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے اکتوبر 2026 کے دوران پاکستان کی اشیا کی برآمدات 11.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے چار ماہ میں برآمدات کا حجم 10.4 ارب ڈالر تھا۔ اس طرح ایک سال کے دوران برآمدات میں تقریباً ایک ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔برآمدات میں یہ نمایاں اضافہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے برآمدی شعبے کو ترجیح دینے ، ایکسپورٹرز اور صنعت کاروں کے ساتھ مسلسل رابطوں، ان کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنے کی پالیسی کے نتائج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ،حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں بھی برآمدی شعبے کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے خصوصی اقدامات متعارف کرائے ، جن میں کاروبار اور صنعت پر ٹیکسوں اور اضافی محصولات کے بوجھ میں کمی، ٹیکس ریفنڈز کی جلد ادائیگی۔

ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈز کے بہتر استعمال، برآمد کنندگان کے لیے رعایتی فنانسنگ اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار، خصوصاً مائیکرو ایس ایم ایز، کے لیے مالی معاونت کی فراہمی شامل ہیں۔ان اقدامات کا بنیادی مقصد پیداواری لاگت میں کمی، برآمد کنندگان کی مالی مشکلات کا خاتمہ، صنعتی مسابقت میں بہتری اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھانا ہے ۔برآمدات میں اضافے کے اس سفر میں وزیراعظم کی قیادت، وزارتِ خزانہ کی ٹیم اور متعلقہ حکومتی اداروں کی مشترکہ کوششوں کو اہم قرار دیا جا رہا ہے ، بجٹ میں طے کردہ ترجیحات کو عملی شکل دینے اور کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی گئی، جس کے نتائج اب برآمدات کے اعدادوشمار میں بھی ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں ،معاشی حلقوں کے مطابق پاکستان کی برآمدات کا چار ماہ میں 11.4 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچنا ایک اہم پیش رفت ہے ۔ تاہم اس رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے صنعتی شعبے کو مزید سہولیات، توانائی کی مسابقتی قیمتوں، پالیسیوں میں تسلسل اور عالمی منڈیوں تک بہتر رسائی کی ضرورت ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...