کراچی میں تخریب کاری کی کوشش ناکام،2 دہشت گرد گرفتار

کراچی میں تخریب کاری کی کوشش ناکام،2 دہشت گرد گرفتار

کالعدم ایس ایل اے کے دہشتگردوں سے آئی ای ڈی اور ہینڈگرنیڈ برآمد،سی ٹی ڈی رینجرز،پولیس کے دفاتر کی ریکی کرکے حملوں کی تیاری کر رہے تھے ،ملزمان کا انکشاف

کراچی (سٹاف رپورٹر) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کراچی نے وفاقی حساس ادارے کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سندھودیش لبریشن آرمی (ایس ایل اے ) کے 2 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے شہر کو بڑی تباہی سے بچانے کا دعویٰ کیا ہے ۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے تیار شدہ ایک آئی ای ڈی اور ہینڈ گرنیڈ برآمد ہوا ہے ۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان مدد علی عرف علی ولد علی اکبر اور جنید علی عباسی ولد امان اللہ عباسی کالعدم تنظیم کے کمانڈر دریا خان سے مسلسل رابطے میں تھے ۔ ملزمان کو مبینہ طور پر تنظیم کی جانب سے عسکری تربیت دی گئی تھی اور انہیں آئی ای ڈی اور ہینڈ گرنیڈ بھی فراہم کیے گئے تھے ۔ دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ کمانڈر دریا خان کی ہدایت پر کراچی آئے تھے اور شہر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، رینجرز اور پولیس کے اہم دفاتر و تنصیبات کی ریکی مکمل کرچکے تھے جبکہ حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے ۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان سندھ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے منصوبے پر عمل پیرا تھے۔

گرفتار ملزمان کے خلاف سی ٹی ڈی آپریشنز تھانے میں مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ان کے انکشافات کی روشنی میں تنظیم کے دیگر کارندوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کی جائیں گی۔ دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے مشترکہ کارروائی کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس ادارے کے افسران و اہلکاروں کو شاباش دی ہے ۔ ان کا کہنا تھا دہشت گردی کے منصوبے کو ناکام بنانا پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے ، سندھ میں دہشت گردی اور تخریب کاری کی منصوبہ بندی کرنے والوں اور ان کے سہولت کاروں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے گرفتار ملزمان سے تفتیش کا دائرہ وسیع کرنے اور ان کے دیگر ساتھیوں کو بھی قانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...