آئی ایم ایف نے پٹرولیم سبسدی سکیم جلد ختم کرنے کا مطالبہ کردیا
اسلام آباد (دنیانیوز)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)نے پاکستان پر پٹرولیم مصنوعات پر دی جانے والی سبسڈی جلد ختم کرنے کیلئے زور دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومت مستقبل میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے پر عوام کو ریلیف دینا چاہے۔۔۔
تو یہ امداد محدود، عارضی اور صرف مستحق طبقے تک محدود ہونی چاہئے ،پاکستان میں جاری ایندھن سبسڈی سکیم کاوسیع دائرہ کار اور زیادہ اخراجات کومرحلہ وار ختم کیا جانا چاہئے ۔ترجمان آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں توقع سے زیادہ بڑھتی ہیں تو مستقبل میں دی جانے والی کسی بھی مالی معاونت کو محدود مدت کے لیے مخصوص طبقات تک رکھا جائے اور اس کے اخراجات مالی سال 2027-2026 کے منظور شدہ بجٹ کی حدود میں پورے کیے جائیں،پاکستان نے 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) پروگرام کے تحت یہ وعدہ کر رکھا ہے کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی کے نرخوں کے مطابق رکھی جائیں گی تاہم اس دوران کمزور اور مستحق طبقے پر پڑنے والے اثرات کم کرنے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے ۔آئی ایم ایف ترجمان نے خبردار کیا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ پاکستان کی معاشی صورتحال کے لیے بڑا چیلنج ہے ،تیل کی بلند قیمتوں سے پاکستان میں مہنگائی کا دباؤ پہلے ہی بڑھ چکا ہے ،عالمی منڈی میں قیمتوں کا اتار چڑھاؤ برقرار رہنے سے پاکستان کے معاشی مستقبل پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments