مریم نواز پر انکے اپنے اتحادی کرپشن الزامات لگا رہے ،سعدیہ جاوید
توانائی قیمتوں میں کمی ہونے تک ملکی معیشت ترقی نہیں کر سکتی، ترجمان سندھ حکومت نئے صوبوں پر ملک میں بحث،مضبوط بلدیاتی نظام ہونا چاہئے ،لاہور میں میڈیا سے گفتگو
لاہور (خبر ایجنسیاں) پیپلز پارٹی کی رہنما سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ مریم نواز پر ان کے اپنے اتحادی وزیر کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں۔ لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے بحث جاری ہے ، تاہم ابھی تک اس سلسلے میں کوئی باضابطہ پیپر ورک سامنے نہیں آیا، پیپلز پارٹی پنجاب میں بھی جلد اپنا مقام حاصل کرے گی۔انہوں نے کہا پیپلز پارٹی 10 لاکھ گھر عوام کو قرضوں پر نہیں بلکہ مفت فراہم کر رہی ہے ، کراچی کو پانی کی فراہمی کے لیے کے فور منصوبہ وفاقی حکومت نے بنانا تھا، تاہم یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہے ، سندھ میں پیپلز پارٹی یوتھ کارڈ بھی متعارف کرا رہی ہے۔
رہنما پیپلزپارٹی اور ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ کرپشن پورے ملک کا مسئلہ ہے ، ہم مریم نواز پر کرپشن کا الزام نہیں لگا رہے بلکہ ان کے اپنے اتحادی وزیر ان پر الزامات عائد کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا جب تک ملک میں توانائی کی قیمتوں میں کمی نہیں کی جائے گی معیشت ترقی نہیں کر سکتی۔ ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کی مخالفت پیپلز پارٹی نے سب سے پہلے کی۔نئے صوبوں کے قیام پر ملک میں بحث ہونی چاہیے ،ملک میں مضبوط بلدیاتی نظام ہونا چاہیے ، سندھ میں بااختیار بلدیاتی نظام موجود ہے ، پنجاب میں کئی سال سے بلدیاتی نظام فعال نہیں۔ان کا کہنا تھا فریال تالپور پنجاب کے کارکنوں سے ملاقات کے لیے آئی ہیں، ناراض کارکنوں کے تحفظات دور کیے جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments