جوڈیشل افسر چین کے عدالتی نظام کا جائزہ لیں: چیف جسٹس

جوڈیشل افسر چین کے عدالتی  نظام کا جائزہ لیں: چیف جسٹس

اسلام آباد (آن لائن)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے چین کے تربیتی دورے کے لیے منتخب 25 بہترین کارکردگی کے حامل جوڈیشل افسران سے ملاقات کی اور انہیں خصوصی بریفنگ دی۔

پاکستان بھر سے منتخب افسران کا وفد 18 نومبر سے یکم دسمبر 2026 تک دو ہفتوں کے تربیتی پروگرام میں شرکت کے لیے چین جائے گا۔ افسران کا انتخاب متعلقہ ہائی کورٹس کی مشاورت سے پیشہ ورانہ کارکردگی اور خدمات کی بنیاد پر کیا گیا ہے ۔ وفد میں چاروں صوبوں، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے جوڈیشل افسران شامل ہیں۔ چیف جسٹس نے بالخصوص دور دراز، پسماندہ اور بدامنی سے متاثرہ علاقوں میں خدمات انجام دینے والے افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا وہ چین میں پاکستانی عدلیہ کے سفیر ہیں اور ادارے کے وقار، اقدار اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ چین کے عدالتی طریقہ کار، جدید ٹیکنالوجی اور کیس مینجمنٹ نظام کا بغور جائزہ لیں اور ایسے بہترین طریقوں کی نشاندہی کریں جنہیں پاکستان میں انصاف کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے اپنایا جا سکے ۔ نیشنل ججز کالج آف چائنا کے زیر اہتمام پروگرام میں پاکستانی وفد سینئر ججز اور قانونی ماہرین سے ملاقاتوں کے علاوہ بیجنگ اور چوانژو سمیت مختلف شہروں کی عدالتوں کا مطالعاتی دورہ بھی کرے گا۔ یہ دورہ سپریم کورٹ پاکستان اور سپریم پیپلز کورٹ آف چائنا کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے ۔ چیف جسٹس کے مطابق اس اقدام سے ضلعی عدلیہ کی پیشہ ورانہ استعداد، عدالتی انتظام اور مقدمات کی مؤثر سماعت کے نظام میں بہتری آئے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...