اقتصادی ترقی، بحالی کے حوالے سے اچھی خبریں ہیں، عطااللہ تارڑ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے کونسل کے اجلاس کو دنیا میں پاکستان کے تشخص کو نمایاں کرنے کا اہم موقع قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ۔۔۔۔
اقتصادی ترقی اور بحالی کے حوالے سے اچھی خبریں ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے ای سی او وزرائے خارجہ کی پہلے روز ہونے والی عہدیداروں کی کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ای سی او کے تمام رکن ممالک کو شرکت کی دعوت دی جاتی ہے ایسا نہیں ہوتا کہ کسی ملک کو دعوت نہ دی جائے ، پاکستان کا بین الاقوامی سطح پر روشن چہرہ اجاگر ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کل ہونے والی کانفرنس ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا، تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد ڈیکلیریشن پر دستخط ہوں گے ۔وزیراطلاعات نے بتایا کہ ای سی او وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات ہوگی، ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور عاصم منیر نے جس محنت سے اس ملک کو عالمی سطح پر جس مقام پر پہنچایا ہے یہ قابل تحسین ہے اور پوری دنیا پاکستانی قیادت کی معترف ہے اور اس کی تعریف بھی کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ای سی او کانفرنس کا ڈیکلیریشن اقتصادی تعاون و ترقی کے لیے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے اچھی خبر ہوگی، پاکستان کے لیے خوشی کا موقع ہے کہ پاکستان ای سی او کونسل آف وزرائے خارجہ کے اجلاس کی صدارت کررہا ہے ، اس سے پہلے ایس سی او کانفرنس ہوئی یہ سفارتی کامیابیاں ہیں۔عطااللہ تارڑ نے کہا کہ ان کامیابیوں کا اعتراف عالمی سطح پر ہو رہا ہے ، اردن کی جانب سے حال ہی میں اس کا باقاعدہ اعتراف کیا گیا ہے ، ایک وقت تھا کہ پاکستان تنہائی کا شکار تھا لیکن پچھلے ڈھائی سال میں وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص نمایاں کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی ترقی پر فوکس کرنا چاہیے ، اگلے سال ایس سی او سربراہان کی میزبانی کرنے جا رہے ہیں، اسلام آباد اس وقت گہما گہمی سے بھرا ہوا ہے اور پوری دنیا سے عالمی رہنما اور شخصیات پاکستان آرہے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments