ہیروز کی دنیا: پی آئی اے کو 8 مرتبہ قومی چیمپئن بنانے والے محمد نقی
انٹرنیشنل فٹبالر محمد نقی اعلیٰ فٹبال کوچ اور فزیکل ٹریننگ میں ایک بڑا نام ہیں۔ وہ قومی فٹبال ٹیم کے ہمراہ ایشیا کے 13سے زائد ممالک کا دورہ کرچکے ہیں۔ محمد نقی نے بحیثیت دفاعی کھلاڑی پی آئی اے کو 8 مرتبہ قومی چیمپئن بنانے میں اہم کردار کیا۔
کراچی (امتیاز نارنجا) انٹرنیشنل فٹبالر محمد نقی اعلیٰ فٹبال کوچ اور فزیکل ٹریننگ میں ایک بڑا نام ہیں۔ وہ قومی فٹبال ٹیم کے ہمراہ ایشیا کے 13سے زائد ممالک کا دورہ کرچکے ہیں۔ محمد نقی نے بحیثیت دفاعی کھلاڑی پی آئی اے کو 8 مرتبہ قومی چیمپئن بنانے میں اہم کردار کیا۔ ہمارے ملک کی بد قسمتی ہے کہ ہم اپنے لوگوں کو نظر انداز کرکے غیر ملکیوں کو ان پر ترجیح دیتے ہیں، ہماری فیڈریشنز غیر ملکی کوچز کو لاکھوں روپے دینے میں کوئی مضائقہ نہیں سمجھتےں جبکہ اپنے ہی ملک کے باصلاحیت افراد کو ہزاروں روپے دینا انہیں ناگوار گذرتا ہے۔ دوسالہ معاہدے پر یوگوسلاوین کوچ کو10 لاکھ روپے ماہانہ ادائیگی پر مالی مشکلات کا رونا رونے والی پی ایف ایف کو کوئی پریشانی نہیں لیکن پاکستانی کوچ کی چند ہزار روپے کی ادائیگی ان پر بارگراں ہے۔ مقامی اور غیر ملکی کوچز کی کارکردگی کا تقابلی جائزہ لیا جائے تو مقامی کوچ نمایاں نظر آئے گا۔ آج ہم ایک ایسی ہی شخصیت کا ذکر کررہے ہیں جس سے پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا بلکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن نے انہیں اپنی قومی ٹیموں کا فزیکل ٹرینر بنانا باخوشی قبول کر لیا۔ محمد نقی پی آئی اے کی ہاکی اور اسکواش ٹیم کے ٹرینر اور پی آئی اے فٹنس کلب کے 1988 تا 2002 منیجر رہے۔1976 تا 1987 پی آئی اے فٹبال ٹیم کے دفاع میں ریڑھ کی ہڈی تسلیم کئے جانے والے محمد نقی خان نے اپنے کیرئیر کے دوران پی آئی اے فٹبال ٹیم کو 8 مرتبہ قومی چیمپئن کا اعزاز دلانے میں نمایاں رہے۔ اس دوران محمد نقی خان نے افغانستان، سعودی عرب، کینیا، سنگاپور، تھائی لینڈ، متحدہ عرب امارات، ایران، ملائشیا، برما، روس، بنگلہ دیش، بھارت و دیگر ممالک کا قومی ٹیم کے ہمراہ دورہ بھی کیا۔1980 تا 1982بنگلہ دیش میں ہونے والے آغا خان گولڈ کپ کھیلنے کا اعزاز بھی انہیں حاصل ہے۔ محمد نقی کے ہمعصر کھلاڑیوں میں علی نواز، سرور سینئر، عبدالواحد، طارق لطفی، محمد ادریس و دیگر ان کی موجودگی کو اطمنان کا باعث سمجھتے تھے۔ محمد نقی کو یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ ان کی کوچنگ میں جتنے بھی کھلاڑیوں نے ٹریننگ حاصل کی وہ سب محکماجاتی ٹیموں کا حصہ بنے اور متعدد نے قومی فٹبال ٹیم کی نمائندگی کا بھی اعزاز حاصل کیا۔گزشتہ دنوں ڈسٹرکٹ سینٹرل کی جانب سے انہیں بہترین کارکردگی پر عبدالمجید خان میموریل ایوارڈ بھی دیا گیا۔ محمد نقی آج بھی پوری طرح فٹ ہیں اور مختلف گرائونڈز پر کھلاڑیوں کو ٹریننگ دیتے نظر آتے ہیں۔ تاہم انہیں افسوس ہے کہ ان کی صلاحیتوں سے پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا شاید اس کی وجہ ان کا کم گو ہونا اور خود نمائی سے پرہیز ہو۔