ایس ایس پی آپریشنز کی گڈز ٹرانسپورٹرز سے میٹنگ
پتنگ بازی و دیگر غیر قانونی سامان کی ترسیل روکی جائے :فرقان بلال
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ایس ایس پی آپریشنز فرقان بلال کی جانب سے پولیس لائن کمپلیکس میں گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ممبران کے ساتھ اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ممبران سمیت متعلقہ پولیس افسران بھی موجود تھے ۔ایس ایس پی آپریشنز نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی اور دیگر غیر قانونی سامان کی ترسیل کی ہر صورت روک تھام کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی غیر قانونی سامان کی ترسیل بھی قانوناً جرم ہے اور اس میں ملوث ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پتنگ بازی کے سامان کی دیگر شہروں سے ترسیل روکی جائے اور ایسے عناصر کی فوری نشاندہی کی جائے ۔ایس ایس پی آپریشنز نے مزید کہا کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو یا پولیس کو اطلاع دی جائے ۔ اس موقع پر گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ممبران نے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون اور اس خونی کھیل کی روک تھام کیلئے اپنی گاڑیوں کے استعمال نہ ہونے کی مکمل یقین دہانی کروائی۔