یونیورسٹی کو عالمی معیارات سے ہم آہنگ کیا جا رہا :ڈاکٹر ذوالفقار
ای فائلنگ نظام، ترقیاتی منصوبے مکمل، ریسرچ فنڈ میں 200 ملین کا اضافہ
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ جامعہ زرعیہ میں تعلیم و تحقیق کو بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگ کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن اور سٹاف کلب کی جانب سے منعقدہ سالانہ عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال یونیورسٹی کے انتظامی امور میں جدت لاتے ہوئے ای فائلنگ نظام رائج کیا گیا ہے ، جس سے شفافیت اور کم وقت میں امور کی سرانجام دہی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ،گزشتہ سال فارمیسی، سپورٹس کمپلیکس، پاک کوریا نیوٹریشن سنٹر سمیت دیگر ترقیاتی منصوبہ جات پایہ تکمیل کو پہنچے جبکہ جلد ہی آرٹس اینڈ ہیومینیٹیز اور میتھ و سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی نئی بلڈنگ بھی مکمل ہو جائے گی۔
انہوں نے مزیدکہا کہ سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کے دور میں یونیورسٹی کے تعلیمی و تحقیقی معیار اور انفراسٹرکچر میں نمایاں اضافہ ہوا جبکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اب اس جامعہ کا شمار دنیا کی بہترین پچاس یونیورسٹیز میں ہوتا ہے ، 2025ء میں زرعی یونیورسٹی کے ریسرچ فنڈ میں 200 ملین کا اضافہ ہوا اور 2026ء میں اس میں مزید اضافے کیلئے مربوط کوششیں کی جائیں گی۔انہوں نے ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر راؤ زاہد عباس اور رجسٹرار ڈاکٹر آصف کامران کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی کیمپس لائف میں مزید بہتری کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ،یونیورسٹی میں اس وقت 33 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں تاہم سٹوڈنٹ اور ٹیچرز کا تناسب زیادہ ہے جس کے پیش نظر مزید سلیکشن بورڈز کئے جائیں گے ۔تقریب سے ڈاکٹر راؤ زاہد عباس، ڈاکٹر اشعر محفوظ، عامر سعید اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔