اسسٹنٹ کمشنر شورکوٹ کا بھی عوامی ریونیو خدمت کچہری کا انعقاد
سائلین کے مسائل کے فوری حل، صفائی سمیت دیگر اقدامات کی ہدایات
شورکوٹ (نمائندہ دنیا)اسسٹنٹ کمشنر شورکوٹ میڈم صدف اکبر نے بھی عوامی ریونیو خدمت کچہری لینڈ ریکارڈ آفس شورکوٹ میں لگائی۔ اس موقع پر محکمہ مال کا عملہ، تحصیلدار شورکوٹ راشد مجید کلو، گرداور، قانونگو، تمام حلقہ کے پٹواری اور دیگر تحصیل عملہ کے علاوہ سائلین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ہر ماہ یکم اور دو تاریخ کو عوامی ریونیو کھلی کچہری لگائی جاتی ہے جس سے سائلین کو فوری ریلیف فراہم ہوتا ہے ۔ انہوں نے صاف ستھرا پنجاب کے عملہ کو ہدایت کی کہ میونسپل کمیٹی کی حدود میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ سموگ کے سلسلے میں کارروائیاں جاری ہیں اور مل مالکان و بھٹہ مالکان کو ہدایت دی گئی ہے کہ دھواں چھوڑنے والے عوامل سے گریز کریں کیونکہ اس سے سانس اور دیگر بیماریاں پھیلتی ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ شجر کاری مہم بھی جاری ہے اور مختلف اداروں میں پودے لگائے جا رہے ہیں تاکہ فضائی آلودگی کا خاتمہ کیا جا سکے ۔انہوں نے تمام عملہ کو سختی سے ہدایت کی کہ عوام کے کام میرٹ پر کئے جائیں اور کسی بھی شہری کے کام میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے ۔ اس موقع پر ریڈر ٹو اسسٹنٹ کمشنر چودھری زمان اور محمد رمضان اسٹینو بھی موجود تھے ۔