عیدالاضحی اور محرم الحرام ،جھنگ میں امن کمیٹی اجلاس
شرپسند ی ، اشتعال انگیزی،قانون شکنی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا: ڈی پی او
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)جھنگ میں عیدالاضحی اور محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کے قیام اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اہم اجلاس منعقد ہوا۔یہ اجلاس ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساجد حسین کی زیر صدارت ہوا جس میں امن کمیٹی کے اراکین، پولیس افسروں اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ساجد حسین نے کہا کہ عیدالاضحی اور محرم الحرام مذہبی اعتبار سے نہایت حساس مواقع ہیں، جن پر امن، برداشت اور باہمی احترام کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ جھنگ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی شرپسند عنصر، اشتعال انگیزی یا قانون شکنی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ڈی پی او نے امن کمیٹی کے اراکین پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں اتحاد، رواداری، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے فعال کردار ادا کریں۔اجلاس میں جلوسوں، مجالس، عبادت گاہوں، مویشی منڈیوں اور دیگر حساس مقامات کی سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، مؤثر گشت، سرچ اینڈ سویپ آپریشنز اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔