عیدالاضحیٰ ،ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس، امن و امان پر گفتگو
انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی اور صفائی کی یقین دہانی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)فیصل آباد میں ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر کی زیر صدارت عیدالاضحیٰ کے پرامن انعقاد کے حوالے سے ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز عمران احمد ملک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی سمیت دیگر افسروں نے شرکت کی۔مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام اور نمائندگان میں خواجہ شاہد رزاق سکا، مولانا محمد یوسف انور، صاحبزادہ فیض رسول، صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، مفتی ضیاء مدنی، مولانا ریاض کھرل، جعفر حسن نقوی اور مسیحی برادری کے نمائندگان بھی شامل تھے۔
ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے کہا کہ امن کمیٹی نے ہمیشہ ضلع میں مذہبی ہم آہنگی، امن و امان اور بھائی چارے کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی اور صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ قربانی کی آلائشیں نہروں، ڈرینز اور سیوریج لائنوں میں نہ پھینکی جائیں تاکہ نکاسی آب کا نظام متاثر نہ ہو۔